Friday, April 26, 2024

گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ سہ ماہی میں 50 فیصد کمی

گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ سہ ماہی میں 50 فیصد کمی
November 7, 2019
کراچی ( 92 نیوز) گزشتہ سہ ماہی کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں  50 فیصد سے زائد کی گراوٹ دیکھی گئی ،جس نے آٹو انڈسٹری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ رواں مالی سال کے تین ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں 50فیصد سے زائد کی گرواٹ دیکھی گئی جبکہ کئی فیکٹریوں نے اپنے پیداواری عمل روکنا شروع کردیا ۔ ڈالر کی بڑھتی قیمت، پالیسی ریٹ اور پیداواری لاگت میں بھی اضافہ  ہو رہا ہے ، جس کے باعث نئی گاڑیوں کی فروخت میں 50 فیصد سے زائد تک کمی آگئی  اور پارٹس بنانے والوں کو بھی پریشانی نے گھیر لیا ۔ پاکستان آٹو مینو فیکچررز کے مطابق رواں مالی سال کے 3 ماہ کے دوران "ایک ہزار سی سی" سے بڑی صرف 9 ہزار 953 گاڑیاں فروخت ہوئیں  جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 26 ہزار 650 فروخت ہوئی تھیں ۔ "ایک ہزار سی سی" گاڑیوں کی فروخت 12 ہزار 718 سے کم ہوکر 5 ہزار 766 تک گرگئی  ، اسی طرح "ایک ہزار سی سی" سے چھوٹی گاڑیوں کی فروخت 51 ہزار 221 سے گر کر 31 ہزار 17 رہی جبکہ ٹرک اور بسوں کی فروخت بھی 50 فیصد کمی سے 1070 کی سطح پر آچکی ہے ۔ گاڑیوں کی درآمد پر پابندی نے رہی سہی کسر بھی نکال دی  اور ہزاروں افراد کو روزگار سے بھی محروم کردیا  جبکہ ڈیلرز کا کاروباری بھی شدید متاثر ہوا ہے ۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے حکومت بین الاقوامی اداروں کو خوش کرنے کی بجائے کاروبار دوست ماحول پیدا کرے، تاکہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے ۔