Saturday, April 27, 2024

گاڑیوں کی فروخت میں آن منی کا دھندہ روکنے کیلئے اضافی ٹیکس لاگو کرنیکا فیصلہ

گاڑیوں کی فروخت میں آن منی کا دھندہ روکنے کیلئے اضافی ٹیکس لاگو کرنیکا فیصلہ
December 13, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے گاڑیوں کی فروخت میں آن منی کا دھندہ روکنے کے لیے اضافی ٹیکس لاگو کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزارت صنعت نے سفارشات متعلقہ حکام کو ارسال کر دی۔

وزارت صنعت کی جانب سے آن منی پر خریدی گئی گاڑی کو 90 دن کے اندر فروخت پر اضافی ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز دیدی۔ ذرائع کے مطابق یہ ٹیکس قریباً دو لاکھ روپے تک ہوگا۔ ٹیکس کا نفاذ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 1000سی سی تک گاڑیوں پر 1 لاکھ روپے تک ٹیکس لگایا جائے گا۔ 2000 سی سی سے اوپر کی گاڑیوں پر 2 لاکھ روپے تک ٹیکس لگایا جائے گا۔ یہ ٹیکس مقامی تیار شدہ گاڑیوں پر عائد کیا جائے گا۔ ان گاڑیوں کی امپورٹ کی پالیسی بھی جلد ترتیب دی جائے گی۔

واضح رہے کہ آن منی پر گاڑیوں کی خرید متاثر ہو رہی ہے اور مارکیٹ میں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حکومت نے آن منی کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف یہ پالیسی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے نہ صرف گاڑیوں کی قیمتوں میں توازن آئے گا بلکہ آن منی کے باعث کاروبار میں سکڑن کو بھی روکا جا سکے گا۔