Saturday, April 20, 2024

گاڑیوں کو دیکھے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونے کا انکشاف

گاڑیوں کو دیکھے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونے کا انکشاف
July 9, 2019
لاہور(روزنامہ 92 نیوز)محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے پنجاب کے 10اضلاع میں گاڑیوں کو بغیر دیکھے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونے کا  انکشاف  ہوا ہے ۔ انکشاف پر ان اضلاع کو بھی غیر ملکی سویڈن کمپنی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ،جہاں پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرنے کے لئے موبائل گاڑیوں کے ذر یعے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا  ، غیر ملکی کمپنی کو ان اضلاع کے لئے گاڑیاں تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے افسران کو رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب کے 10شہروں جن میں فیصل آباد ،جہلم ،خوشاب ،ملتان ،شاہ کوٹ ،نارووال، قصور، اوکاڑہ،سیالکوٹ، اوربہاولنگر شامل ہیں کے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی عدم توجہ کے باعث وہاں پر موجود عملہ گاڑیوں کو بغیر دیکھے اور بغیر انسپکشن فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں مصروف عمل ہے ۔ رپورٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ایجنٹ نہ صرف اپنے شہروں کی بلکہ دوسرے شہروں کی گاڑیوں کی کاپیاں ان اضلاع میں لیجا کر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر رہے ہیں جس سے پنجاب کے ریونیو کو نہ صرف نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ حادثات کے باعث جانوں کا بھی ضیاع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان اضلاع میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے حوالے سے جو ریونیو ٹارگٹ دیا گیا تھا وہ بھی گزشتہ مالی سال میں نہ صرف کم ہوا ہے بلکہ کرپشن کی شکایات انتہا حد تک بڑھ گئی ہیں ،ذرائع کے مطابق ان اضلاع کے افسران کی جانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کو زور دیا جا رہا ہے کہ یہاں پر غیر ملکی کمپنی کے فٹنس سینٹرز کسی طرح بھی شروع نہ کئے جائیں جس کے لئے متعدد اضلاع میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے عملے کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کو آگے کر کے عدالت سے کمپنی کے خلاف حکم امتناعی بھی لینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے فیصلہ کیا ہے کے جس طرح پنجاب کے 26اضلاع میں غیر ملکی کمپنی اوپس کے فٹنس سرٹیفکیٹ سینٹرز کھولے گئے ہیں اسی طرح باقی ماندہ ان 10اضلاع میں بھی غیر ملکی کمپنی کے سینٹرز کو جلد شروع کر دیا جائے لیکن فی الوقت کرپشن اور خستہ حال گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی روک تھام کے لئے ان 10اضلاع میں غیر ملکی کمپنی کی موبائل گاڑیوں کے زر یعے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل کو شروع کیا جائے گا جس کے لئے جلد نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا ۔