Friday, April 19, 2024

گاڑی میں لگنے والی آگ سے 10 افراد جاں بحق ، نماز جنازہ ادا

گاڑی میں لگنے والی آگ سے 10 افراد جاں بحق ، نماز جنازہ ادا
January 11, 2020
کراچی (92 نیوز) نیوکراچی کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث گاڑی  میں لگنے والی آگ نے ایک ہی خاندان کے 10افراد کی زندگیوں کے چراغ بجھا دیئے۔جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ نیو کراچی میں گاڑی میں آگ اور پھر رکشے میں تصادم  کے خوفناک حادثے نے ہنستا بستا خاندان اجاڑ دیا ،بھڑکتے شعلوں نے خاندان کی خوشیاں راکھ کردیں۔بدقسمت 3 بھائی اہلخانہ کے ہمراہ شادی کی تقریب سے واپس جارہے تھے ۔ جاں بحق افراد میں مجیب الرحمان اور اہلیہ شامل ہیں  ،جبکہ مہرالنساء بھی اپنے 2 بیٹوں اور بیٹی سمیت لقمہ اجل بن گئی  ۔ اسی طرح 2 بہن بھائی لائبہ اور ارسلان بھی زندگی کی بازی ہار گئے ۔ ایک اور جاں بحق کی شناخت معاویہ ولد شہادت کے نام سے ہوئی ۔ خوفناک شعلوں کی لپیٹ میں آکر جاں بحق ہونے والے افراد کی نمازجنازہ ادا کردی گئی  جس میں خاندان کے افراد سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ زخمی وین ڈرائیور کا کہنا ہے واقعے کے فوری بعد اُسے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا  جبکہ گاڑی میں بیٹھا ایک شخص سگریٹ بھی  پی رہا تھا ۔ رکشہ ڈرائیور نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ شعلوں کی لپیٹ میں گاڑی دیکھ کر دور کھڑا ہوگیا اور گاڑی رکشے سے جاٹکرائی  ۔ پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ بھی متاثرہ خاندان سے اظہار افسوس کیلئے گھر پہنچے  ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ہائی روف کا سی این جی سلنڈر محفوظ ہے  اور آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے ۔