Saturday, April 20, 2024

گاج ڈیم کی تعمیر میں کرپشن ، سندھ حکومت نے اعتراف کرلیا

گاج ڈیم کی تعمیر میں کرپشن ، سندھ حکومت نے اعتراف کرلیا
February 25, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) حکومت سندھ کا گاج ڈیم  کی تعمیر میں کرپشن کا اعتراف کرلیا ، ڈپٹی سیکرٹری آبپاشی سندھ نے سپریم کورٹ کو آگاہ کردیا ۔  عدالت واٹر کانفرنس سفارشات پر عملدرآمد میں پیشرفت رپورٹ جمع نہ کرانے پر سندھ حکومت پربرہم ہو گئی ، چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ سندھ ہرکام میں سب سے پیچھے کیوں ہوتا ہے؟، گاج ڈیم  بنانے سےسندھ حکومت کو کون روک رہا ہے ؟۔ سپریم کورٹ میں واٹر کانفرنس سفارشات عملدرآمد کیس کی سماعت  ہوئی ، چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ، عدالت نے نئی گاج کیلئے جاری وفاق کے چھ ارب روپے خوردبرد کرنے بارے استفسار کیا تو ڈپٹی سیکرٹری آبپاشی نے کرپشن کا اعتراف کرلیا ، کہا کہ اینٹی کرپشن نے 17 افراد کیخلاف کارروائی کیلئے اجازت مانگی ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے  کہ کیا وزیراعلی سندھ اینٹی کرپشن کو کارروائی کی اجازت دینگے؟، پاکستان کی سب سے بڑی جھیل کینجھر سندھ میں ہے، سارے جہاں کا گندا پانی جھیل میں جا رہا ہے، سب سے بڑا ذخیرہ سندھ میں ہونے کے باوجود سندھ والے پانی کو ترس رہے ہیں،  ہمارے ملک میں فصل کاشت کرنے کا کوئی نظام نہیں، ایسی فصلیں لگائی جانی چاہئیں جو پانی کم پیتی ہوں، زرعی ملک ہوتے ہوئے بھی ہمیں کپاس درآمد کرنی پڑتی ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک فصل سے آمدن کروڑوں کی ہوتی  ہے اور پانی کے صرف 200 روپے وصول ہوتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سیمنٹ، ٹیکسٹائل، لیدر سمیت دیگر انڈسٹریز کیلئے ٹیرف متعارف کرانا تھا، اگر انڈسٹری کو پانی مفت مل رہا ہے تو انہوں نے پانی کی قدر نہیں کرنی، یہ وہی بات ہو جائے گی کہ مال مفت دل بے رحم، لاہور، قصور، کراچی اور حیدر آباد میں زیر زمین پانی آلودہ ہوگیا، حکومتی محکمے کس اصول کے تحت پانی کی رقم وصول کریں گے۔ عدالت نے چاروں صوبوں سے سفارشات پر عملدرآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔