Friday, March 29, 2024

کےپی بلدیاتی الیکشن میں بدنظمی، کہیں پولنگ اسٹیشن پر دھاوا تو کہیں ہاتھا پائی

کےپی بلدیاتی الیکشن میں بدنظمی، کہیں پولنگ اسٹیشن پر دھاوا تو کہیں ہاتھا پائی
December 19, 2021 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) کےپی بلدیاتی الیکشن میں کئی مقامات پر ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے، کہیں پولنگ اسٹیشن پر دھاوا تو کہیں ہاتھا پائی رپورٹ ہوئی۔

پشاور کی تحصیل شاہ عالم میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن میں مردوں کی مداخلت پر دو گروہوں میں تصادم ہوگیا۔ واحد گڑھی میں بھی خواتین پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ پیپر غائب ہونے کی اطلاعات ہیں۔

جمرود سور کمر ون کے پولنگ اسٹیشن میں جے یو آئی کے کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی۔ جمرود وزیرڈھند گورنمنٹ مڈل اسکول میں بھی ہنگامہ آرائی ہوئی، مظاہرین نے پاک افغان شاہراہ بند کردی۔

خیبر کے علاقہ ذخہ خیل میں پولنگ اسٹیشن پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، انتخابی عملے کو زدو کوب کیا گیا۔ پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ اور توڑ پھوڑ کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا، چیف الیکشن کمشنر نے ریٹرننگ افسر کو تحقیقات کی ہدایت کردی۔

بنوں کی تحصیل بکاخیل کے پانچ پولنگ اسٹیشنز پر ناخوشگوار واقعات پیش آئے، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملے، سکیورٹی اہلکاروں کو اغوا اور پولنگ سامان چھینا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے بکاخیل تحصیل میں پولنگ کو معطل کر دیا، تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی۔

پولنگ عملے کو یرغمال بنانے پر صوبائی وزیر شاہ محمدخان کے بھائی اورساتھیوں کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی آگئی۔

بنوں کی تحصیل بکاخیل میں بلدیاتی الیکشن کے دوران ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا، اسلام آباد کے مرکزی کنٹرول روم میں الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس ہوا، پولنگ کے عملے کے اغوا اور سامان چھیننے والے واقعات پر مشاورت کی گئی۔