Saturday, May 4, 2024

کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ،ترسیل فوج کی نگرانی میں ہوگی

کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ،ترسیل فوج کی نگرانی میں ہوگی
May 27, 2015
اسلام آباد(92نیوز)الیکشن کمیشن  نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بیلٹ پیپرزکی چھپائی مکمل کرلی ہےجبکہ ترسیل فوج کی نگرانی میں کل تک مکمل کرلی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق بیلٹ پیپرزکی چھپائی پرنٹنگ کارپوریشن  کے زیراہتمام کرائی گئی ہے اورسات مختلف رنگوں کے سات کروڑ بائیس لاکھ بیلٹ پیپرزکی چھپائی کی گئی ہے۔ تیس مئی کو ہونے والے الیکشن میں  ایک کروڑ اکتیس لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرزکی چھپائی اور ترسیل کی جارہی ہے اورچارسوپانچ ریٹرننگ افسروں تک  ترسیل  کا عمل جمعرات تک مکمل ہوجائے گی۔ جنرل نشست کے لئے سفید اورخواتین کے لئے گلابی رنگ کا بیلٹ پیپرچھاپاگیا ہے۔ نوجوان کی نشست کے لئے پیلا جبکہ مزدورکسان سیٹ کے لئے ہلکا سبز رنگ کا بیلٹ پیپرہوگا۔ اقلیتی سیٹ  کے لئے بھورے رنگ کا بیلٹ پیپر چھاپا گیا ہے ضلع کونسل رکن کے لئے نارنجی ، تحصیل اور ٹاوٴن رکنیت کے لئے سرمئی رنگ کے بیلٹ پیپرزچھاپے گئے ہیں۔ ووٹرز اپنے ووٹ اورپولنگ اسٹیشنز کی معلومات آٹھ تین صفر صفرپر اپنا شناختی کارڈ نمبربھیج کربھی حاصل کرسکتے ہیں۔