Wednesday, April 24, 2024

کے پی کے میں بلدیاتی الیکشن کرواکر تبدیلی کا وعدہ پورا کر دیا ،میٹروبس چلانے سے تبدیلی نہیں آتی ،دھاندلی کی باتیں بے بنیاد ہیں :عمران خان

کے پی کے میں بلدیاتی الیکشن کرواکر تبدیلی کا وعدہ پورا کر دیا ،میٹروبس چلانے سے تبدیلی نہیں آتی ،دھاندلی کی باتیں بے بنیاد ہیں :عمران خان
May 31, 2015
اسلام آباد(92نیوز)تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کرواکر تبدیلی کا وعدہ پورا کر دیا ،میاں صاحب میٹرو بس چلانے سے تبدیلی نہیں آتی ،بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی باتیں بے بنیاد ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن میں پیش ہونے کی بجائے چیئرمین نادرا ملک سے باہر چلے گئے،پہلے سٹے آرڈر پر یہ لوگ چھپتے رہےہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں اکتالیس ہزار لوگ منتخب ہوئے ہیں جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے اپنے صوبوں میں  بلدیاتی الیکشن نہیں کروائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے  ہم نے نادرا کے چیئرمین سے جرح کرنی تھی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ  پاکستان کا پہلا ایسا الیکشن ہے جس میں 84 ہزار لوگوں نے شرکت کی ہے،پاکستان کا پہلا الیکشن ہے جس میں 41 ہزار لوگ منتخب ہوئے ہیں، پاکستان میں پہلی بار گاؤں کی سطح پر الیکشن ہوا ہے، اقتدار کی منتقلی گاؤں کی سطح پر کردی ہے۔ کے پی کے الیکشن میں دھاندلی کی باتیں بے بنیاد ہیں کے پی کے الیکشن میں سارے اختیارات الیکشن کمیشن کے پاس تھے،اگر الیکشن کمیشن چاہتا تو فوج بھی بلا سکتا تھا،بہت زیادہ لوگ ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف الیکشن کمیشن کی بہت عزت کرتے ہیں، صوبائی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے ابھی تک استعفی نہیں دیا۔ نواز شریف نے ہری پور میں کھڑے ہو کر کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن اتنا بڑا الیکشن نہیں کروا سکتے تھے تو ڈویژن کے الیکشن باری باری کروادیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں افتخار کی بہت عزت کرتا ہوں، ہمارے کہنے پر میاں افتخار کے اوپر ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی ہے بلکہ یہ پولیس کا معاملہ ہے  وہی میاں افتخار کا فیصلہ کرے گی۔ ہمارے کہنے پر میاں افتخار کے خلاف ایف آئی آر ختم بھی نہیں ہوسکتی ہے یہاں پولیس غیر سیاسی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف کے امیدوار سٹے آرڈر نہیں لیں گے۔ عمران خان اپنی پریس کانفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کو بھی نہیں بھولے ان کے بارے میں انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی پولیس سندھ کی طرح نہیں ہے اور نہ ہی پنجاب کی گلو پولیس ہے ۔