Thursday, May 9, 2024

کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیاں ، بابر غوری کیخلاف نیب کی کارروائی جاری

کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیاں ، بابر غوری کیخلاف نیب کی کارروائی جاری
October 17, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کے پی ٹی میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق نیب ریفریس میں ایم کیو ایم کے سابق رہنماء اور سابق وفاقی وزیر بابرغوری کی جائیدادیں ضبط کرنے کی کارروائی جاری ہے ، نیب حکام نے احتساب عدالت کو بتایا کہ ملزم کو اشتہاری قرار دینے کیلئے خاکے آویزاں کرنے کی کارروائی مکمل کرلی گئی ۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ میں غیرقانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے معاملے میں  رکن سندھ اسمبلی جاوید حنیف اور دیگر ملزمان کی احتساب عدالت میں پیشی  ہوئی ، نیب تفتیشی افسر نے سابق وفاقی وزیر بابرغوری کو اشتہار قرار دینے سے متعلق رپورٹ جمع کرائی ۔ نیب افسر نے عدالت کو بتایا کہ بابر غوری کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی حتمی مراحل  میں ہے  جبکہ ملزم کے خاکے آویزاں کرنے کی کارروائی مکمل کرلی گئی ۔ نیب حکام نے بتایا کہ بابر غوری کی 88 جائیدادیں ضبط کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے  جبکہ سندھ کے علاوہ کسی صوبے سے جائیدادوں کی تفصیل موصول نہیں ہوئی ۔ احتساب عدالت نے تفصیلات حاصل کرنے کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔