Monday, May 13, 2024

کے فور منصوبہ ، ایکنگ نے گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے پہلے مرحلے کی منظوری دیدی

کے فور منصوبہ ، ایکنگ نے گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے پہلے مرحلے کی منظوری دیدی
October 6, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کو فراہمی آب کیلئے بنایا گیا منصوبہ کے فور وفاق اور سندھ ملکرمکمل کریں گے ۔ایکنگ نےگریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو پانی فراہم کرنے کیلئے سب سے بڑے منصوبے کے فور میں پیشرفت سامنے آئی ہے ، وفاق اور سندھ مل کر منصوبہ مکمل کرنے پر متفق ہو گئے ، ایکنک نے گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے تصدیق بھی کر دی ۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کراچی میٹرو پولیٹن کو 25 کروڑ گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جائے گا ، اس منصوبے کیلئے 50 فی صد رقم  وزیر اعظم کے کراچی پیکیج  کے تحت وفاق فراہم کرے گا۔وزارت منصوبہ بندی کے مطابق کے فور منصوبہ صوبائی حکومت نے شروع کیا تھا اور  وفاقی حکومت نے اس میں اپنا حصہ بھی ڈالا ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی اس ضمن میں خط لکھا جس میں وفاقی حکومت نے کے فور منصوبے میں اپنی شراکت کی حامی بھری ، وزیر منصوبہ بندی نے واپڈا کو کم سے کم وقت میں کے فور مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔یہ بھی کہا کہ منصوبے پر جلد عمل درآمد کیلئے واضح ڈیڈلائن کیساتھ ایکشن پلان تیار کیا جائے۔