Thursday, April 25, 2024

کے الیکڑک کا نظام بیٹھ گیا، ایک ہزار فیڈر بند، آدھا شہر قائد بجلی سے محروم

کے الیکڑک کا نظام بیٹھ گیا، ایک ہزار فیڈر بند، آدھا شہر قائد بجلی سے محروم
August 28, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں بارش میں کے الیکڑک کا نظام بھی بیٹھ گیا، اٹھار سو میں سے تقریباً ایک ہزار فیڈر بند ہوگئے، جس کی وجہ سے آدھے سے زائد شہر میں رات بھر بجلی بند رہی بجلی بندش سے شہری سکون سے سو بھی نہیں سکے، کئی علاقوں میں کل شام کو جانےوالی بجلی اب تک بھی بحال نہیں کی جاسکی، ترجمان نے کہا کہ پانی جمع ہونے کے سبب بجلی بحال رکھنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ کراچی کے الیکڑک کے رحم وکرم پر، بارش کیا برسی بجلی کانظام ہی بیٹھ گیا۔ ذرائع کے مطابق 1800 سومیں سے تقریباً ایک ہزار فیڈر بند ہوگئے۔ بیشترعلاقوں میں شہریوں نے رات کروٹ بدل بدل کر گزاری۔ دن نکلا لیکن بہت  سےعلاقوں میں بجلی بحال نہ ہوئی۔ شہر قائد کئی علاقوں میں 20 گھنٹوں سے بجلی نہیں آئی۔ گلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں کل شام سے بجلی بند ہے۔ لیاری اور ملیر کے مختلف علاقوں میں بھی کل سے بجلی نہیں آئی۔ نارتھ کراچی، منظورکالونی میں بھی گذشتہ شام 6 بجے سے بجلی بند ہے۔ شہری کہتے ہیں کے الیکڑک کی شکل میں کس جرم کی سزا مل رہی ہے۔ قائدآباد، لانڈھی، ملیر، کورنگی اور شاہ فیصل کالونی کےعلاقوں میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ اورنگی ٹائون، بلدیہ ٹائون، سرجانی ٹائون، لیاری اور کیماڑی کے علاقوں میں بھی بجلی کا آناجانا لگا ہوا ہے۔ کے الیکڑک ترجمان کےمطابق کرنٹ کے واقعات کی روک تھام کے لئے بجلی بند کی، کہا کہ پانی جمع ہونے کے سبب مسلسل بجلی بحال رکھنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ ترجمان نے بجلی کی بحالی کو برساتی پانی کی نکاسی سے منسلک کیا۔