Friday, April 26, 2024

کے الیکٹرک کو معذور بچوں کی زندگی بھر کی ذمہ داری لینا ہو گی، عمران اسماعیل

کے الیکٹرک کو معذور بچوں کی زندگی بھر کی ذمہ داری لینا ہو گی، عمران اسماعیل
September 3, 2018
کراچی (92 نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کرنٹ لگنے سے معذور ہونے والے دو بچوں کی عیادت کی اور کہا کہ کے الیکڑک کا آگےآکربچوں کی زندگی بھر کی ذمہ داری لینا ہو گی ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل تین گاڑیوں کے قافلے میں سول اسپتال برنس وارڈ پہنچے۔ گورنر سندھ نے کرنٹ لگنے سے معذور ہونے والے آٹھ سالہ عمر اور حارث کی عیادت کی۔ والدین کو ہر ممکن تعاون کی یقن دہانی کروائی۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بچے کے الیکڑک کی غفلت کی وجہ سے معذور ہوئے۔ کے الیکڑک کو ازالے کے لئے آگے آنا ہو گا۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ کمپنی اس شہر سے اربوں روپے کمائے اور لگائے کچھ بھی نہیں۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ وہ بچوں کا انصاف دلوانے کے لئے ہر اقدام کریں گے۔ چند دن پہلے کے الیکٹرک کی غفلت سے بجلی کے تار گرنے سے آٹھ سالہ بچے عمر کے دونوں ہاتھ جھلس گئے تھے۔ اس کی زندگی بچانے کے لئے ڈاکٹروں کو اس کے دونوں ہاتھ کاٹنے پڑے۔ والد کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی غفلت و لاپروائی کی وجہ سےان کا بیٹا زندگی بھر کےلئے معذور ہو گیا۔ ہنستا مسکراتا عمر اور گھر کی رونق  عمر اب اسپتال میں زیرعلاج ہے ۔ دوسری طرف کراچی میں کے الیکٹرک کی غفلت سے سرجانی ٹاون کا حارث بھی تار سے کرنٹ لگنے کی وجہ سے دونوں ہاتھوں سے محروم ہو گیا۔ سرجانی ٹاون کے ننھےحارث کو عید کے دن  تار سے کرنٹ لگ گیا تھا جس کی وجہ سے حارث کے دونوں ہاتھ بری طرح جھلس گئے تھے۔ ڈاکٹروں کو حارث کی زندگی بچانے کے لئے اس کے دونوں ہاتھ کاٹنا پڑے۔ والدین اپنے لخت جگرکو دیکھ دیکھ  تڑپتے رہتے ہیں اور انصاف کی دہائیاں دے رہے ہیں۔ والدین کا مطالبہ ہے کہ غفلت برتنے والے کے الیکڑک انتظامیہ کے خلاف موثر کارروائی کی جائے تاکہ دوسرے شہری محفوظ ہو سکیں۔