Friday, April 19, 2024

کے الیکٹرک نے جتنا کمانا تھا کما لیا، جسٹس گلزار احمد

کے الیکٹرک نے جتنا کمانا تھا کما لیا، جسٹس گلزار احمد
July 24, 2019
کراچی ( 92 نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کے الیکٹرک اور شہری حکومت کےدرمیان بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے تنازع کی سماعت کے دوران جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ  الیکٹرک نے جتنا کمانا تھا کمالیا،یہ اب پورے کراچی والوں کی کھال تک اتار کرلے جائیں گے،  یہ پاکستانی نہیں ہیں، یہ تو یہاں کمانے آئے ہیں۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد کے الیکٹرک کی کار کردگی پر برہم نظر آئے ، ریمارکس دیے کہ کے الیکٹرک کوئی فلاحی ادارہ نہیں ، جتنا کمانا تھا کما لیا ، یہ اب پورے کراچی والوں کی کھال تک اتار کر لے جائیں گے۔ میئرکراچی وسیم اختر نے بھی دل کاحال بتادیا اور کہا کہ  ان کےپاس تو کچھ کرنے کے اختیارات ہی نہیں ہیں ، ادارے نے  شہر کو  7 ارب دینے ہیں، پول، کیبلز اور کرائے کی مد میں اربوں روپے دلوائے جائیں ۔ عدالت نے کے الیکٹرک کے وکیل سے کہا کہ آپ بجلی کاٹ رہے  ہیں تو اپنے حصے کی ادائیگی بھی کریں ،عدالت نے میئرکراچی کوکہاکہ آپ کے ملازمین اور افسران بھی تو مفت کی بجلی استعمال کرتے ہیں،دینے کے پیسے نہیں تو موم بتی اور لائیٹن کا استعمال کریں۔ وسیم اختر نے کہاکہ کے الیکٹرک والے ہماری زمین استعمال کر رہی ہے ، ہمیں ہی پیسے دینے ہیں اور ہماری ہی بجلی کاٹی جا رہی ہے،یہ کہاں کا انصاف ہے۔ عدالت نے چیف سیکرٹری کو کل اس مسئلے  پر اجلاس بلانے کا حکم  دے دیا ، عدالت نے حکم دیاکہ اجلاس میں مئیر کراچی ،سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری فنانس بھی شریک ہوں، اجلاس  بلا کر بجلی کے بلوں کی ادائیگی کا حتمی حل نکالا جائے۔ بعد ازان  وسیم اختر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل اجلاس میں اپنے مسائل سے آگاہ کریں گے،  کے الیکٹرک نے برسوں سے کیبل اور کھمبوں  کاکرایہ ادا نہیں کیا۔