Friday, April 26, 2024

کے الیکٹرک انتظامیہ کی غفلت سے باران رحمت پھر زحمت بن گئی

کے الیکٹرک انتظامیہ کی غفلت سے باران رحمت پھر زحمت بن گئی
July 27, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں کے الیکٹرک  کی انتظامی غفلت کی وجہ سے باران رحمت پھرزحمت بن گئی،گذشتہ روز بارش شروع ہوئی تو بجلی چلی گئی، رات میں بھی آدھا شہر اندھیروں میں ڈوبارہا،بیشترعلاقوں  میں شہریوں نے رات جاگ کر گزاری، اب بھی بہت سے علاقے بجلی سےمحروم ہیں۔

کراچی میں  کے الیکٹرک  کی غفلت اور نااہلی کی سزا کراچی والوں کو ملی ، جس کے باعث  باران رحمت پھر زحمت  بن گئی ، سب سے بڑا عذاب کے الیکٹرک کی وجہ سے نازل ہوا ، جہاں جہاں بارش ہوئی وہاں  وہاں بجلی غائب ہوگئی۔

بارش تو چند منٹ  برسی لیکن بجلی گھنٹوں تک بھی بحال نہ ہوئی ، قائد آباد سے کیماڑی تک سب ہی علاقے بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے ، رات میں بھی آدھا شہر تاریکی میں ڈوبا رہا۔

لانڈھی ،ملیر،کورنگی اور شاہ فیصل کالونی کے علاقے بجلی سے محروم رہے ۔ گلستان جوہر،گلشن اقبال، عزیز آباد ،لیاقت آباد،گلبرگ اور نارتھ کراچی کے علاقوں میں بجلی بند رہی۔

اورنگی ٹاؤن،بلدیہ ٹاؤن، لیاری ، کیماڑی،رنچھوڑلائن اور لائنز ایریا کے مکین بھی رات بھر جاگتے رہے ، اس وقت بھی شہر کے بہت سے علاقے بجلی  سےمحروم ہیں۔شہریوں نے کہا کہ کب تک کے الیکٹرک کے رحم وکرم پر رہیں گے۔

بجلی کی طویل بندش کے ستائے شہری اعلی حکام کا دہائیاں دے رہیں ، کہتے ہیں کوئی تو اس ظلم کا نوٹس لے۔کراچی والوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ کے الیکٹرک کے نظام کا نوٹس لیں ، یہ معلوم کریں کے الیکٹرک نے نجی شعبے میں جانے  کے بعد شہر کو کیا دیا اور شہرسے کیالیا۔