Friday, March 29, 2024

کیپٹن عاقب کی شادی 24اگست کو ہوناتھی

کیپٹن عاقب کی شادی 24اگست کو ہوناتھی
July 27, 2019
سرگودھا ( 92 نیوز) کیپٹن عاقب جاوید نے سہرے سجانے سے پہلے ہی شہادت کا رتبہ پا لیا، شہید کے والد محمد جاوید کا کہنا ہے عاقب کی شادی 24اگست کو ہونا تھی، وہ دس روزہ چھٹی کے بعد 22جولائی کو دوبارہ ڈیوٹی پر گئے تھے۔ اپنا خون دے کر ارض پاک کے چپے چپے کی حفاظت  کرنیوالےجری جونواں کی اس ملک میں کوئی کمی نہیں ، ایسا ہی ایک اور خوبصورت جوان اپنی جوانی قوم پر قربان کرگیا ،دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونیوالے کیپٹن عاقب کی  اگلے ماہ شادی تھی۔ چمکتی آنکھوں اور مسکراتے چہرے والا یہ خوبصورت نوجوان کیپٹن عاقب جاوید ہے جو   بھری جوانی میں دھرتی ماں پر قربان ہو گیا۔ غم تو پہاڑ جیسا ہے مگر  شہید کے والد کےچہرے پریشانی کی ایک بھی شکن نہیں۔ شہید کےو الد کا کہنا ہے کہ بیٹے کی شہادت نے سر فخر سے بلند کر دیا ، اس سے زیادہ خوشی کیا ہوگی کہ کہ بیٹا وطن پر قربان ہو گیا۔بیٹے نے شہید ہو کر جو رتبہ حاصل کیا وہ ناقابل بیان ہے کیپٹن عاقب جاوید نے شادی کا سہرا سجانے سے پہلے ہی شہادت کا رتبہ پا لیا ، شہید کے والد نے بتایا کہ عاقب کی 24اگست کو شادی تھی ۔ آج شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں 10 اہلکار شہید ہو گئے ۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشتگردوں نے  گرباز کے علاقے میں پاک فوج کے گشت پر مامور  نوجوانوں کو نشانہ بنایا ، حملے میں 6 سپوت وطن پر قربان ہو گئے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق  شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والوں میں  حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل ،سپاہی علی رضا، سپاہی بابر اور سپاہی احسان  شامل ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں  کیپٹن عاقب ، سپاہی نادر ، سپاہی عاطف الطاف اور  سپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں ، ایف سی کے جوان ہوشاب اور تربت کے وسطی علاقے میں مصروف تھے  کہ اچانک دہشتگردوں نے حملہ کر دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لئے لازوال قربانیاں دے رہا ہے ،  قبائلی اضلاع میں سلامتی کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے  اب تمام تر توجہ سرحدی علاقے کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ  دشمن قوتیں بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، انشاء اللہ، دشمن قوتیں اپنے ناپاک عزائم میں مکمل ناکام ہوں گی۔