Friday, April 26, 2024

کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نشان حیدر کا 109 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نشان حیدر کا 109 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے
November 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاک فوج کا فخر ،گلگت بلتستان کے محافظ اور جدوجہد آزادی کشمیر کے صف اول کے مجاہد کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نشان حیدر کا 109 واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید 10 نومبر 1910ء کو ضلع راولپنڈی کی تحصیل گوجرخان میں پیدا ہوئے ۔ آپ کے والد گرامی راجہ حیات خان فوج میں حوالدار تھے ۔ کیپٹن سرور بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھے ۔ فیصل آباد سے میٹرک کیا ۔ اپریل 1929ء میں بحیثیت سپاہی برطانوی فوج میں شامل ہوئے ۔ دوسری جنگ عظیم میں برما کے محاذ پر کمال بہادری پر برطانوی تمغہ برما سٹار ملا ۔ 1944ء میں انڈین ملٹری اکیڈمی ڈیرا دون سے بطور کپتان کمیشن حاصل کیا ۔ قیام پاکستان کے بعد ‘تمغہ خدمت پاکستان’ اور کشمیر کے محاذ پر ‘تمغہ کشمیر آپریشن’ تفویض ہوا ۔ کیپٹن سرور 1948ء میں پاک آرمی کی پنجاب رجمنٹ کا حصہ بنے ۔ بحیثیت کمانڈنگ آفیسر سیکنڈ بٹالین، محاذ کشمیر پر جرات و بہادری کے ناقابل فراموش جوہر دکھائے ۔ دشمن کو نہ صرف ناقابل تلافی جانی و مالی نقصان پہنچایا بلکہ گلگت بلتستان سے لداخ کی جانب پسپا کیا ۔ دشمن کا تعاقب کرتے اُڑی پہنچے ۔ ۔ چھ جوانوں کیساتھ بھاری توپ خانے کی شیلنگ اور مشین گن فائر میں خود خاردار تار کاٹی اور سپاہ کیلیے پیش قدمی کا محفوظ راستہ بنایا ۔ گَنَر شہید ہوا تو کیپٹن سرور نے خود مشین گن سنبھالی اور دشمن کے 40 فوجی واصل جہنم کیے ۔ کیپٹن راجہ محمد سرور نے 27 جولائی 1948ء کو اُڑی کے مقام پر جام شہادت نوش کیا ۔ پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ‘نشان حیدر’ حاصل کرنے والے پہلے آفیسر بنے ۔ آپ کی آخری آرام گاہ اڑی مقبوضہ کشمیر میں واقع ہے۔