Saturday, April 27, 2024

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ ، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو فتح کیلئے 41رنز کا ہدف

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ ، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو فتح کیلئے 41رنز کا ہدف
January 5, 2019
کیپ ٹاؤن ( ویب ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کےمابین ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بھی  پاکستانی بلے بازوں کی غیر ذمہ دارانہ شارٹس نے فتح جنوبی افریقہ کا مقدر بنا دی ۔ کوچ کی  ڈانٹ ڈپٹ کچھ اثر نہ دکھا سکی  اور پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ کی دونوں اننگز میں بھی پاکستانی بلے باز تو چل میں آیا کے مصداق  آتے اور واپس جاتے رہے ۔ نوجوان بلے باز امام الحق دوسری اننگز میں بھی اچھا کھیل پیش نہ کر سکے  اور صرف  6رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر ایلگر کو کیچ تھما کر پویلین واپس لوٹ گئے ،اظہر علی بھی زیادہ دیر تک جنوبی افریقی کھلاڑیوں کے سامنے ٹک نہ پائے اور 6رنز ہی بنا پائے ، وہ ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ شان مسعود اور اسد شفیق نے  پاکستانی ٹیم کی ڈوبتی نیا کو سہارا دینے کی کوشش کی ، اسد شفیق 88 رنزبنا کر نمایاں رہے ، وہ فلینڈر کی گیند پر  ڈی کک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ان کی اننگز 12 چوکوں سے مزین تھی ۔ اوپنر شان مسعود نے بھی 9 چوکوں کی مدد سے 61رنز کی  اننگز کھیلی اور پاکستانی کو اننگز کی  شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور ٹیم کو ہزیمت سے بچانے سے کوشش کی مگر ان کے ساتھ  کوئی کھلاڑی ٹک نہ سکا ، فخر زمان 7 ،کپتان سرفراز احمد 6،محمد عامر صفر اور یاسر شاہ 5 رنز بنا کر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے ۔ بابر اعظم نے 15چوکوں کی مدد سے 87 گیندوں پر 72رنز بنائے اور ٹیم کو اننگز کی شکست کھانے کی صورتحال سے باہر نکال لائے ، وہ ربادا کی گیند پر ہاشم آملہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا دوسرا اور آخری چھکا لگایا، انہوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 9 گیندوں پر 14 رنز بنائے اور ربادا کی گیند پر فلینڈ کو کیچ تھما بیٹھے ۔ محمد عباس 10اسکور بنا کر ناقابل شکست رہے ۔