Thursday, April 18, 2024

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دے دی

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دے دی
January 6, 2019
کیپ ٹاؤن (92 نیوز) کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ٹیسٹ میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پروٹیز نے ہر شعبے میں شاہینوں کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ کپتان سرفراز کی قیادت میں قومی ٹیم کی ایک اور ہار ہو گئی۔ ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی قومی ٹیم کے ہاتھ سے نکل گئی۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے روز 41 رنز کا آسان ہدف جنوبی افریقہ نے 1 وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ایلگر 24 اور فاف ڈوپلاسس 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں گرین شرٹس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 177 اور دوسری اننگز میں 294 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مجموعی طور پر پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی کافی ناقص رہی۔ شان مسعود دونوں اننگز میں پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز رہے۔ امام الحق دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 14، اظہر علی اور فخرزمان نے 8،8 رنز بنائے۔ محمد عامر، شاہین آفریدی نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے دو اور شان مسعود نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پروٹیز کپتان فاف ڈو پلاسس 103 رنز بنا کر میچ کے ٹاپ اسکورر رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ ڈیل اسٹین نے دونوں اننگز میں 7 شاہینوں کا شکار کیا۔ ربادہ نے 6 اور اولیور نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ساؤتھ افریقہ کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔