Sunday, September 8, 2024

کیویزنے شاہینوں کو عبرتناک شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی

کیویزنے شاہینوں کو عبرتناک شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی
January 22, 2016
  ویلنگٹن(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں دو ایک سے شکست ہو گئی نیوزی لینڈ نے تیسرے میچ میں پچانوے رنز سے فتح اپنے نام کر لی اس کے ساتھ نیوزی لینڈ کی ٹیم رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔ تفصیلات کےمطابق ویلنگٹن کے میدان میں پہلے ہوئی باؤلرز  کی پٹائی اور پھر بنی بلے بازوں کی درگت کیویز نے شاہینوں کو 101رنز پر ڈھیر کر دیا۔ سرفراز اور شعیب ملک کے سوا کوئی بیٹسمین دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا دونوں نے بالترتیب اکتالیس اور چودہ رنز بنائے۔ حفیظ دو، احمد شہزاد آٹھ، رضوان چار، عمر اکمل پانچ اور شاہد آفریدی آٹھ رنز بنا سکے عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے واپس لوٹ گئے۔ گرین شرٹس نے وکٹیں گنوانے میں اتنی عجلت دکھائی کہ گرانٹ ایلیٹ جیسے باؤلر کو بھی تین وکٹیں دے بیٹھے، تین وکٹیں ہی ایڈم ملنے نے حاصل کیں جبکہ  کورے اینڈرسن نے دو اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے پہلے شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مین آف دی میچ کورے اینڈرسن کے بیاسی اور مارٹن گپٹل کے بیاسی رنز کی مدد سے ایک سو ستانوے رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض دو اور شاہد آفریدی ایک وکٹ حاصل کر پائے۔ قومی ٹیم سانحہ چارسدہ کے سوگ میں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں داخل ہوئی اور میچ کے آغاز سے قبل شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔