Thursday, April 25, 2024

کیویز نے ڈونیڈن کے میدان میں بھی شاہینوں کا شکار کر لیا

کیویز نے ڈونیڈن کے میدان میں بھی شاہینوں کا شکار کر لیا
January 13, 2018

ڈینڈن (92 نیوز) کیویز نے ڈونیڈن کے میدان میں بھی شاہینوں کا شکار کر لیا۔
چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو، کیویز کے دیس میں زیرو ہو گئے۔
قومی کرکٹ ٹیم نے ڈینڈن میں بھی ہار کی روایت قائم رکھی۔
نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں 183 رنز کے بڑے مارجن سے میدان مار لیا۔
کیویز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 257 رنز بنائے جس میں مارٹن گپٹل نے 45 اور روز ٹیلر نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔
کپتان کین ولیم سن 73 رنز کیساتھ نمایاں رہے اور ٹام لاٹھم نے 35 رنز بنائے۔
ادھر پاکستان کیجانب سے حسن علی اور رومان رئیس نے تین ، تین ،شاداب خان نے دو ،فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔
گرین شرٹس کی بیٹنگ آئی تو بلے بازوں نے تو چل میں آیا کی روایت برقرار رکھی ۔
اظہر علی ایک بار پھر ناکام ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان بھی امیدوں پر پورا نہ اترے اور صرف دو رنز تک محدود رہے۔
نوجوان ٹیلنٹ بھی گھبراہٹ کا شکار رہا۔ بابر اعظم 8 رنز پر میدان بدر، پروفیسر اور شاداب خان کا بلا بھی نہ چلا اور کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ شعیب ملک نے 27 گیندوں پر تین رنزبنائے۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف 10 رنز پر ہمت ہار گئے۔ حسن علی ایک ، محمد عامر 14 ، رومان رئیس نے ٹیم کے اسکور میں 16 رنز کا اضافہ کیا،پوری ٹیم صرف 74 رنز پر ڈھیر ہو گئی ،8 پاکستانی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہیں ہو پائے۔
ٹرینٹ بولٹ کو پانچ وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کیویز نے پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔