Sunday, September 8, 2024

کیویز سے شرمناک شکست‘ پاکستان کا سیمی فائنل دوڑ سے باہر ہونے کا امکان

کیویز سے شرمناک شکست‘ پاکستان کا سیمی فائنل دوڑ سے باہر ہونے کا امکان
March 22, 2016
موہالی (ویب ڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے اہم میچ میں پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔ نیوزی لینڈ کے 180 رنز کے جواب میں پاکستانی شیر 158 رنز پر ہی ہمت ہار بیٹھے۔ تفصیلات کے مطابق موہالی چندی گڑھ میں گروپ ٹو سپرٹین کے اہم میچ میں پاکستان نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ میں اپنی موجودگی کا جواز کھو بیٹھا ہے۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ مارٹن گپٹل نے 61 گیندوں پر 80 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں تین چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔ .ان کے علاوہ کین ولیم سن 17‘ سی منرو 7‘ کورے اینڈرسن 21‘ روز ٹیلر 36‘ رونکی 11 جبکہ ایلیٹ نے ایک رن بنایا اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محدم عامر نے چار اوورز میں 41رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ محمد عرفان چار اوورز میں 46 ایک وکٹ‘ محمد سمیع چار اوورز میں 23رنز دو وکٹیں‘ عماد وسیم 4اوورز میں 26 کوئی وکٹ نہ ملی جبکہ شاہد آفریدی نے چار اوورز میں 40رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے 181 رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز قدرے جارحانہ انداز میں کیا۔ شرجیل خان نے 26گیندوں پر 47 رنز بنا کر پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کی مگر ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ احمد شہزاد 30‘ خالد لطیف 3‘ عمر اکمل 24‘ شاہد آفریدی 19‘ شعیب ملک ناٹ آﺅٹ 15‘ سرفراز احمد 11رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سینٹنر اور ملنے نے دو‘ دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سوڈھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کے ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات انتہائی محدود ہو گئے ہیں اور ہمیشہ کی طرح سلسلہ پھر اگرمگر پر آ کر رک گیا ہے۔