Sunday, September 8, 2024

کیوبا میں 88 برس بعد امریکی صدر کی آمد‘ صدر کاسترو استقبال کیلئے نہ آئے

کیوبا میں 88 برس بعد امریکی صدر کی آمد‘ صدر کاسترو استقبال کیلئے نہ آئے
March 21, 2016
ہوانا (ویب ڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما کیوبا کے تین روزہ تاریخی دورے پر ہوانا میں موجود ہیں۔ یہ کسی بھی امریکی صدر کا اٹھاسی سال بعد کیوبا کا پہلا دورہ ہے۔ صدر اوباما اور کیوبن ہم منصب راول کاسترو کے درمیان آج ملاقات ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق نفرتیں اور فاصلے مٹانے‘ گلوے، شکوے اور ناراضگی دور کرنے امریکی صدر کیوبا پہنچ گئے۔ باراک اوباما اپنی فیملی کے ہمراہ ہوانا پہنچے تو ایئر پورٹ پر کیوبا کے وزیر خارجہ نے ان کااستقبال کیا۔ امریکی صدر ہوانا کے تاریخی مقامات دیکھنے آئے تو عوام نے تاریخی استقبال کیا۔ تیز بارش بھی لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے سے روک نہ سکی۔ چھوٹے بڑے سبھی باراک اوباما کی ایک جھلک دیکھنے کو بے قرار نظر آئے۔ باراک اوباما ویجا کیتھڈرل، فرانسسکو سکوائر اور ہوانا میوزیم گئے۔ میوزیم میں انہوں نے ابراہم لنکن کی پینٹنگ دیکھی۔ اوباما آج راول کاسترو سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان اہم معاملات پر بات ہو گی۔ امریکی صدر کے ہمراہ خاتون اول مشعل اوباما اور اوباما کی صاحبزادیاں میلیا اور ساشا بھی آئی ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ان کے دورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں تبدیلی آئیگی اور کئی عشروں سے جاری کشیدگی کا مکمل خاتمہ ہو گا۔ دوسری طرف کیوبا حکومت کی پالیسی بھی تبدیل ہو ی اور امید ہے کہ کمیونسٹ حکومت عوام کوزیادہ آزادیاں دے گی اور امریکی کاروباری شخصیات کیلئے کیوبا میں کاروبار کے دروازے کھلیں گے۔