Monday, May 20, 2024

کیو موبائیل کمپنی کا ایف بی آر سے خلاف قانون 5 کروڑ 86 لاکھ کا ٹیکس ریفنڈ کرانے کا انکشاف

کیو موبائیل کمپنی کا ایف بی آر سے خلاف قانون 5 کروڑ 86 لاکھ کا ٹیکس ریفنڈ کرانے کا انکشاف
October 6, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) کیو موبائیل کمپنی نے ایف بی آر سے خلاف قانون کروڑوں کا ٹیکس ریفنڈ کرا لیا۔ قومی خزانے کو بھاری نقصان کا سامنا۔ ترجمان ایف بی آر نے غیرقانونی ریفنڈ کو سیکرٹ معاملہ قرار دیتے ہوئے موقف دینے سے انکار کردیا۔
کیوموبائل کی جانب سے ایف بی آر سے بوگس کلیم کے ذریعے خلاف قانون 5کروڑ86لاکھ روپے کا ٹیکس ریفنڈ حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ کیوموبائل فروخت کرنے والی کمپنی ڈیجی کام کی حیثیت اکتوبر 2014میں امپورٹر سے مینوفیکچرر کی گئی۔
5کروڑ 86لاکھ روپے کا خلاف قانون انکم ٹیکس ریفنڈ حاصل کرنے کے بعد کیوموبائل نے 51کروڑ 63لاکھ روپے کا ایک اور ریفنڈ کلیم جمع کرایا۔ کیوموبائل کمپنی نے قومی خزانے سے کروڑوں روپے بٹورنے کیلئے ایف بی آر کے افسران کی ملی بھگت سے انکم ٹیکس قوانین کا غلط استعمال کیا۔
92نیوز کوموصول انسپکشن رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ انٹرنل آڈٹ نے ایف بی آرکیوموبائل کمپنی کی جانب سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے ۔کیوموبائل سے بوگیس کلیم کے ذریعے انکم ٹیکس ریفنڈ کی مد میں کروڑوں روپے کی وصولی کی سفارش کی گئی ہے۔
کیو موبائل نے موبائل کے پارٹس بھی منگوا کر مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کئے اور موبائل کی وارنٹی بھی اپنے اختیار میں لے لی۔ کیو موبائل نے دیگر کاروبار کے ٹیکس ادا نہیں کئے ۔انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس قوانین کو مدنظر رکھ کر تحقیقات میں ریفنڈ کے دعوی کو غیرقانونی قرار دیا گیا۔
۔92نیوز کے رابطہ کرنے پر کیو موبائل کمپنی کے ڈائریکٹر ذیشان یوسف نے بتایا کہ ایپلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو 23جولائی 2015 کو فیصلہ کمپنی کے حق میں دے چکا ہے۔ اس معاملے کا اب ہمارے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں۔
92نیوز نے ذیشان یوسف سے ایپلٹ ٹربیونل کے فیصلے کی کاپی کا مطالبہ کیا تو انھوں نے یقین دہانی کے باوجود فیصلے کی کاپی فراہم نہیں کی۔ دوسری جانب ترجمان ایف بی آر ڈاکٹر محمد اقبال نے کیوموبائل کے غیرقانونی ریفنڈ کوانکم ٹیکس قانون کے تحت انفرادی کمپنی کا سیکرٹ معاملہ قرار دیتے ہوئے تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔