Thursday, May 2, 2024

کینیڈا کورونا ویکسین لگانے والا تیسرا ملک بن گیا

کینیڈا کورونا ویکسین لگانے والا تیسرا ملک بن گیا
December 15, 2020

اوٹاوا (92 نیوز)برطانیہ اور امریکا کے بعد کینیڈا کورونا ویکسین لگانے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا،ویکسی نیشن کا آغاز فرنٹ لائن طبی عملے اور نرسنگ ہومز میں مقیم معمر افراد سے کیا گیا،دوسری جانب برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آگئی۔

کینیڈا  میں بھی لوگوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہو گیا۔ فائزر کی ویکسین کی پہلی 2خوراکیں ریکائی سنٹر کی ورکرزکو دی گئیں ، ویکسی نیشن کا آغاز فرنٹ لائن طبی عملے اور نرسنگ ہومز میں مقیم معمر افراد سے کیا گیا۔ ویکسین لگانے کا یہ عمل ٹی وی پر لائیو نشر کیا گیا۔

کورونا ویکسین کی اولین خوراکیں یونیورسٹی ہیلتھ نیٹ ورک کے میشنر انسٹیٹیوٹ میں لگائی گئیں، کینیڈا میں اب تک کورونا وائرس کے چار لاکھ 68 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار پانچ سو 53 ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آ گئی۔برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں کورونا کی نئی قسم کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔

 ویکسین کورونا کی نئی قسم پر اثر کرے گی یا نہیں، حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔