Saturday, April 20, 2024

کینیڈا میں موسم خزاں پرکشش مناظر پیش کرنے لگا

کینیڈا میں موسم خزاں پرکشش مناظر پیش کرنے لگا
October 1, 2018
کینیڈا( 92 نیوز) دنیا بھر کے مختلف ممالک میں جہاں موسم خزاں کا آغاز ہوگیاہے،وہیں زمین پر گرے سوکھے پتے اور سرد ہوا انسان پر ایک الگ سحر طاری کردیتی ہے۔ بہار رنگوں کا موسم ہے دل و نظر کو سکون دیتا ہے اک خوشی سی محسوس ہوتی ہے لیکن پت جھڑ اپنے اندر اک عجیب سی کیفیت سموئے ہوئے ہوتا ہے، ایک عجیب سی اُداسی، کوئی پراسرار خاموشی اور شاید ایک فکر انگیز گہرائی بھی ۔ کینڈا میں آج کل پت جھڑ کا موسم ہےسڑکوں کے دونوں اطراف میں کھڑے بڑے بڑے درخت اور انکے نیچے گرے ہوئے پیلے رنگ کے پتے جو اکثر ہوا چلنے کی وجہ سے سڑکوں پر بکھرے اور اڑتے نظر آ رہے ہوتے ہیں ۔ درختوں پر باقی ماندہ پتے خشک اور سرد ہوا سے جھول رہے ہوتے ہیں ، ایسا لگتا ہے جیسے وہ ظالم ہوا سے برسرِ پیکار ہوں اور اپنی بقاء کی آخری جنگ لڑ رہے ہوں۔ خزاں اک عجب دل فریبی اور انفرادیت ہے، منفرد رنگ اور مزاج کا موسم ہے ، کبھی آپ کسی پارک میں کسی برہنہ پیڑ کے نیچے پڑے زرد اور نارنگی رنگ کے پتوں کے اوپر رکھے بنچ پر بیٹھ کر خشک و خنک ہوا کے تھپیڑوں کو برداشت کیجئے گا اور اپنے اردگرد موجود ماحول کے سحر میں پیڑ، بہار، پت جھڑ اور پھر دنیا، زندگی اور موت کا فلسفہ سمجھنے کی کوشش کیجئے گا۔ عجب کیفیت ہو گی، کئی بند دریچے کھلتے چلے جائیں گے اور شاید کہ وہ کچھ حاصل ہو جائے جس کا کبھی احساس بھی نہ ہوا ہو۔ پت جھڑ کا موسم بھی عجیب موسم ہوتا ہے ۔ سرد اور خشک ہواؤں سے سہمے ہوئے سوکھے پتے درختوں کی برہنہ ہوتی ہوئی شاخوں پر اپنی بقا کی آخری جنگ لڑتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔ کچھ سوکھے پتے تھوڑی دیر اور ٹھہرنا چاہتے ہیں  ، جیسےانہیں اس بے ثبات دنیا کی بے ثباتی کا یقین نہ آیا ہو ۔ مگر پت جھڑ کا موسم اُنہیں اتنی مہلت نہیں دیتا  ، جس طرح رشتوں کو کاٹتی ہوئی نفرت کی خلیج کبھی کم نہیں ہوتی ۔ بالکل اسی طرح سرد و خشک تیز ہوا ان سوکھے پتوں کو سسک سسک کر شاخوں سے جدائی پر مجبور کردیتی ہے ۔ اور پھر یہ سوکھے پتے بےجان ہوکر ہوا کے رحم وکرم پر لہراتے ہوئے زمین پر جاگرتے ہیں  ۔ جہاں ہر کوئی انہیں مسلنے کے لیئے ان کا منتظر ہوتا ہے۔