Friday, April 19, 2024

کینیڈا میں متاثرہ خاندان کو حکومت پاکستان کی مدد کی پیشکش

کینیڈا میں متاثرہ خاندان کو حکومت پاکستان کی مدد کی پیشکش
June 8, 2021

اونٹاریو (92 نیوز) کینیڈا میں مذہبی منافرت کی بھینٹ چڑھنے والے مسلمانوں کے متاثرہ خاندان کو حکومت پاکستان نے مدد کی پیشکش کردی۔

کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ کہتے ہیں کہ متاثرہ خاندان کو حکومت پاکستان کی طرف سے ہر مدد کی پیش کش کی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہدا کے لواحقین پیاروں کی تدفین کینیڈا میں ہی کرنا چاہتے ہیں۔ حملے میں زخمی بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

کینیڈین صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک پک اپ ٹرک نے فٹ پاتھ پر گاڑی چڑھا کر مسلمان خاندان کو نشانہ بنایا۔ اس خاندان میں سے صرف نو سال کا ایک بچہ زندہ بچ پایا ہے اوروہ شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 74 اور 44 سال کی دو خواتین، ایک 46 سالہ مرد، اور ایک 15 سال کی لڑکی شامل ہیں۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کو خوفناک قراردیتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا کی ان کے معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔ وہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واقعے پر پاکستانیوں سمیت مسلم کمیونٹی خوف کا شکار ہے۔ پولیس نے ایک 20 سالہ کینیڈین شخص کو قتل کے چار اور اقدامِ قتل کے ایک الزام کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔