Thursday, March 28, 2024

کینیڈا میں اسلامک انسٹیٹیوٹ آف ٹورنٹو میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش پر دو مشتبہ افراد گرفتار

کینیڈا میں اسلامک انسٹیٹیوٹ آف ٹورنٹو  میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش پر دو مشتبہ افراد گرفتار
June 16, 2021

اوٹاوا (92 نیوز) کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ اسلامک انسٹیٹیوٹ آف ٹورنٹو میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش پر دو مشتبہ افراد گرفتار کر لیئے گئے۔

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اسلاموفوبیا کے پہلے دردناک واقعے کی اداسی ختم نہیں ہوئی تھی کہ اسلامو فوبیا کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ اسلامو فوبیا کے پہلے واقعے میں پاکستانی فیملی کے چار افراد کو کچل دیا گیا تھا جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں غم وغصے کا اظہار کیا گیا۔

اسلامو فوبیا کا نیا واقعہ بھی کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے اسکاربورو ایریا میں پیش آیا ہے جہاں اسلامک انسٹی ٹیوٹ میں دومشتبہ افراد نے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی ۔

مقامی میڈیا کے مطابق مسجد کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مرد کی عمر 24 سال جبکہ خاتون کی عمر 22 سال تھی۔

مسجد انتظامیہ نے دونوں کو روکا توجواب میں انہوں نے خطرناک نتائج کی دھمکیاں دینا شر وع کر دیں ۔ جوڑے کا کہنا تھا وہ اس جگہ کو دھماکے سے اڑانے کیلئے آئے ہیں ۔ خطرناک دھمکیاں ملنے پر انتظامیہ نے ایمرجنسی سروس کو کال کر دی ۔ پولیس نے دونوں افراد کو گرفتارکرکے تفتیش شروع کر دی۔

اسلامک انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر فرید امین کہتے ہیں ایسا لگتا ہے مخصوص کمیونٹی کو ٹارگٹ اور ہراس کیا جا رہا ہے۔

مسجد میں موجود ایک عینی شاہد عمر ایساوی کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے وہ خوف محسوس کر رہے ہیں۔

مسلم کمیونٹی پچھلے ہفتے پاکستانی فیملی کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعے کے غم سے ابھی تک باہرنہیں نکلی کہ نئے واقعے نے مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔