Thursday, April 18, 2024

کینیڈا میں اسلام دشمنی کا ایک اور واقعہ ، چاقو بردار شخص کا دومسلمان بہنوں پر حملہ

کینیڈا میں اسلام  دشمنی کا ایک اور واقعہ ، چاقو بردار شخص کا دومسلمان بہنوں پر حملہ
June 25, 2021

اوٹاوا (92 نیوز) کینیڈا میں اسلام دشمنی کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ چاقو بردار شخص نے دو مسلمان بہنوں پر حملہ کر دیا۔ ایک کی حالت نازک ہے۔

بزدل نقاب پوش شخص نے دو باحجاب بہنوں کو سینٹ البرٹا میں چہل قدمی کے دوران حملے کا نشانہ بنایا۔ حملے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال داخل کرا دیا گیا۔

پولیس کے مطابق حملہ اسلام دشمنی کی بنا پر کیا گیا کیونکہ 50 سالہ نامعلوم شخص مذہب کے خلاف ریمارکس بکتا ہوا حملہ آور ہوا۔ پولیس چیف کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔

کینیڈا میں حالیہ دنوں میں  اسلاموفوبیا کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ چند روز قبل  ایک دہشت گرد نے مسلم فیملی کو ٹرک تلے کچل دیا تھا۔ حملے میں مسلمان فزیو تھراپسٹ سلمان، انکی والدہ، بیوی اور بیٹی شہید ہوئے تھے۔ اسلامک انسٹی ٹیوٹ آف ٹورنٹو میں بھی دو افراد نے زبردستی داخل ہو کر مسجد انتظامیہ کو خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔