Saturday, May 11, 2024

کینگروز نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

کینگروز نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
November 12, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ کینگروز نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

مارکس اسٹوئنس اور میتھیو ویڈ کی جارحانہ بیٹنگ  نے  کینگروز کو شکست سے بچا  لیا۔ آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دے  کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

177رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 1 رنز پر ہی گر گئی۔ کپتان ایرون فنچ ایک رن بنا کر شاہین شاہ  آفریدی  کا شکار بنے۔

ایرون فنچ کے جلد آؤٹ ہونے پر  ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے  ٹیم کا  اسکور 52 رنز تک پہنچا دیا۔ مچل مارش 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شاداب خان نے  اسپن کا جادو دکھایا اور آسٹریلین  بلے بازوں کو کھل کر  کھیلنے نہ دیا اور 96 رنز پر آدھی آسٹریلین  ٹیم  کے پویلین لوٹنے پر میچ پاکستان کی گرفت میں آ گیا۔

میتھیو ویڈ اور مارکس اسٹوئنس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے   ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔ 19 ویں اوور  میں حسن علی نے میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کر کے میچ آسٹریلیا کے حق  میں کر دیا۔ آسٹریلیا نے 177 رنز کا ہدف ایک اوور قبل حاصل  کرتے ہوئے  فائنل میں جگہ بنائی۔

مارکس اسٹوئنس نے 40 اور میتھیو ویڈ نے 17 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ڈیوڈ ورانر نے 49 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان  نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 67 اور فخر زمان نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے دو وکٹیں حاصل کی۔