Wednesday, April 24, 2024

کینسر میں مبتلا پیپلزپارٹی کے رہنما امین فہیم کراچی پہنچ گئے

کینسر میں مبتلا پیپلزپارٹی کے رہنما امین فہیم کراچی پہنچ گئے
October 26, 2015
کراچی (92نیوز) کینسر کے مرض میں مبتلا پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔ انہیں کلفٹن کے نجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پیر پگارا نے اسپتال جا کر ان کی عیادت کی جبکہ آصف زرداری نے ٹیلی فون پر خیریت دریافت کی۔ تفصیلات کے مطابق کینسر کے مرض سے نبردآزما پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم ایئرایمبولینس کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔ انہیں ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ایمبولینس میں کلفٹن کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ 76سالہ مخدوم امین فہیم تقریباً ڈیڑھ بجے دبئی سے رائل ایمبولینس سروسز کے طیارے کے ذریعے قائد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی کے اولڈ ٹرمینل پہنچے۔ ان کے صاحبزادے مخدوم جمیل الزماں‘ خاندان کے دیگر افراد اور ڈاکٹرز کی ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔ مخدوم امین فہیم ایئر پورٹ کے رن وے پرہی نجی اسپتال کی ایمبولینس میں منتقل کیا گیا جبکہ ان کے ساتھ آنے والے ڈاکٹروں نے مقامی اسپتال کے معالجین کو مخدوم امین فہیم کے علاج، ادویات سمیت دیگر امور سے آگاہ بھی کیا گیا۔ مخدوم امین فہیم کے استقبال کے لیے ہالا کی سروری جماعت کے قائدین، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر علی حسن ہنگورجہ، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم سمیت پارٹی کے دیگر رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر علی حسن ہنگورجہ نے بتایا کہ امین فہیم دو سے تین روز کراچی میں قیام کرینگے۔ مخدوم امین فہیم کو ڈاکٹرز کی ٹیم کی زیر نگرانی کلفٹن کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پیرپگارا مخدوم امین فہیم کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچے اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ذرائع کے مطابق ان کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں ان کی خواہش پر اہل خانہ اور سروری جماعت کے رہنماو¿ں سے ملاقات کے لیے کراچی لایا گیا ہے۔