Tuesday, May 14, 2024

کیمبرج کا اے اور او لیولز کے نتائج پر نظر ثانی کا فیصلہ

کیمبرج کا اے اور او لیولز کے نتائج پر نظر ثانی کا فیصلہ
August 15, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کیمبرج  کے نتائج پاکستانی طلبا پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑے لیکن طلباء کا احتجاج رنگ لے آیا، کیمبرج  نے  اے اور او لیولز کے نتائج  پر نظرثانی  کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے خوشخبری سنادی،نظرثانی شدہ نتائج کا اعلان 18 اگست کو کیا جائیگا۔

کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے 11 اگست کو اے اور او لیول کے نتائج جاری کیے ، ان نتائج میں امتحانات کے بغیر براہ راست گریڈنگ کی گئی ، مگر دیگر کئی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی طلبا نتائج پر سراپا احتجاج بنے ۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دنیا بھر سے طالب علم سی اے آئی ای کے ہیش ٹیگز استعمال کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ، طلبا کو شکایت ہے کہ ان کے گریڈز گرائے گئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طلباء نے نیشنل پریس کلب سے پارلیمنٹ ہاؤس تک ریلی نکالی، گریڈز میں بہتری کا مطالبہ بھی کیا ، کہا ان گریڈز کے ساتھ جامعات میں داخلہ لینا ناممکن ہوگا ۔

وزارت تعلیم نے معاملہ کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے سامنے اٹھایا تو کیمبرج  پاکستانی طلباء کے نتائج سے متعلق تحفظات دور کرنے پر رضا مند ہوگیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹوئٹ میں بتایا کہ  کیمرج گریڈنگ کے طریقہ  کار پر نظرثانی کرے گا اور کیمبرج نظرثانی شدہ نتائج کا اعلان 18 اگست کو کیا جائیگا۔