Saturday, May 11, 2024

کیماڑی میں گیس اخراج کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی

کیماڑی میں گیس اخراج کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی
February 18, 2020
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے کیماڑی  میں گیس کے اخراج کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، ماہرین نے ہائیڈروجن سلفائیڈ گیس کا امکان ظاہر کیا ہے۔سیپا کے مطابق کچھ شواہد سے آج امیدہے کہ ابتدائی طور پر رپورٹ آجائے گی جبکہ ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے سانس کے مریض زیادہ متاثر ہو رہے ہیں،پولیس نے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،،جس میں دیگر اداروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ کیماڑی  میں جان لیوا گیس کا اخراج معمہ بن گیا ، خواتین، بچے، جوان اور بزرگ سب ہی متاثر ہوئے  ،200 سے زائد افراد متاثر ہوکر اسپتالوں میں پہنچ گئے  جبکہ 8 افراد زدگی کی بازی ہارچکے ہیں ۔ کیماڑی میں سانس لینا انتہائی مشکل ہوگیا، ماسک بھی نایاب ہوگئے ،علاقے میں خوف کے بادل گہرے ہوگئے ۔ سندھ انوائرمینٹل ایجنسی نے ہائیڈروجن سلفائیڈ گیس کا امکان ظاہر کردیا ، گیس کا اخراج کیمیکل کنٹینر، آئل ٹینکر اور گودام میں رکھے اسٹوریج ٹینک سے ہوسکتا ہے، سیپا کی ٹیمیں 3 مقامات کا جائزہ لے رہی ہیں  جبکہ ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے آئل انسٹالیشن ایریا کی پائپ لائن سے گیس لیکج ہوسکتی ہے ۔ زہریلی گیس کے اثرات ریلوے کالونی سے 500 سے 800 میٹر تک محسوس کیے گئے  ، ریلوے کالونی، کچھی پاڑہ اور دیگر علاقوں سے ماحولیاتی تجزیے کیلئے نمونے حاصل کرلیے گئے ۔ ادارہ تحفظ ماحولیات نے بندرگاہ کے اطراف فیکٹریوں اور آئل ٹرمینل کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔