Thursday, May 9, 2024

کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق،100 سے زائد متاثر

کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق،100 سے زائد متاثر
February 17, 2020
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کےعلاقے کیماڑی  میں زہریلی  گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد متاثر ہو کر اسپتال جا پہنچے ، پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا پورٹ پرکسی کنٹینرسےگیس کا اخراج ہوا،جبکہ کے پی ٹی حکام کہنا ہے پورٹ پر کوئی ایسا جہاز نہیں لگا جس سے بو پھیلی ہو۔ کراچی کےعلاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی  گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 22 افراد تاحال اسپتال میں داخل ہیں، چیئرمین کے پی ٹی نے بندرگاہ سے زہریلی گیس کے اخراج کو مسترد کردیا  اور کہا ہے کہ پاک بحریہ معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس کے پھیلاؤ  کے باعث  مکینوں کو سانس لینے میں شدید دشواری  ہوئی اور 100 سے زائد افراد اسپتال جاپہنچے  جہاں  5 زندگی کی بازی ہار گئے ۔ گیس کے متاثر ہونے والوں میں  بچے، خواتین اور مرد سب ہی شامل ہیں  جن میں سے 22 افراد تاحال ضیاء الدین اسپتال میں زیرعلاج ہیں ، ایک رات گزرنے کے بعد بھی مکینوں پر خوف کے سائے کم نہ ہوسکے ۔ زہریلی گیس کے اثرات کسٹم ہاؤس تک بھی پہنچ گئے  ، اور ملازمین کو انکھوں میں جلن محسوس ہونے لگی ، دفتر آنے والے کئی ملازمین کی حالت غیر ہوئی تو دفاتر بند کردیے گئے ۔ چیئرمین کے پی ٹی کا کہنا ہے پاک بحریہ تحقیقات کررہی ہے  ، جس کیلئے پورٹ سے نمونے حاصل کرلیے ہیں  جبکہ جہازوں کی آمدورفت بھی جاری ہے  اور کوئی ایسا جہاز نہیں لگا جس سے گیس پھیلی ہو  ، دوسری جانب مقامی وکیل نے گیس پھیلنے کی تحقیقات کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے ۔