Saturday, April 20, 2024

کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا

کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا
December 10, 2017

کلیفورنیا( 92 نیوز ) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا ۔ خوفناک آگ کی زد میں آکر اب تک ایک خاتون ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہزاروں ایکڑ رقبہ بھی جل کر خاکستر ہوچکا ہے ۔
آگ بجھانے والے عملے کے مطابق سین ڈیاگو اور سانتا باربرا کے علاقوں میں نئی آگ بھڑک اٹھی ہے۔ اس آگ کی وجہ سے اب تک دو لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ اس دوران 5 سو سے زائد عمارات شعلوں کی نذر ہو چکی ہیں۔
جنگلوں میں لگنے والی اس آگ سے امریکا کا دوسرا بڑا شہر لاس اینجلس بھی متاثر ہوا ہے ۔ حکام کے مطابق تیز ہوا کی وجہ سے صورتحال پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ریاستی حکام نے جنوبی کیلی فورنیا کی صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ خشک موسم اور تیز ہوائوں کے سبب تیزی سے پھیلنے والی آگ سے مزید آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو نقل مکانی کی ہدایت بھی کی جاچکی ہے۔