Friday, April 26, 2024

کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ میں شدت آگئی

کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ میں شدت آگئی
October 28, 2019
کیلیفورنیا ( 92 نیوز) کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ میں شدت آگئی ،  ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ۔ شمالی کیلیفورنیا کی سونوما کاؤنٹی کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے ،آگ کے سبب تیس ہزار سے زائد ایکڑ رقبہ اور 79 گھر تباہ ہوچکے ہیں ، آگ کی شدت میں تیزی آگئی جس سے ریاست بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، سیکڑوں فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں تاہم  تیز ہواؤں کے باعث یہ مسلسل پھیلتی چلی جاری ہے ۔ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے 9 لاکھ 40 ہزار گھروں کو بجلی کی سپلائی معطل کردی گئی جس سے 23 لاکھ شہری متاثر ہوئے ہیں  ، دوسری جانب  کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ریاست بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ۔ انہوں نے اگلے  72 گھنٹوں کو اہم قرار دیا اور کہا کہ آتشزدگی روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔