Thursday, May 9, 2024

کیلیفورنیا میں فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ، تین افراد ہلاک

کیلیفورنیا میں فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ، تین افراد ہلاک
July 29, 2019
کیلیفورنیا( 92 نیوز) امریکا میں فائرنگ کے واقعات پر قابو نہ پایا جاسکا، کیلیفورنیا  میں فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ سے تین افراد ہلاک جبکہ پندرہ زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا ، نیویارک میں بھی نامعلوم شخص کی فائرنگ سے ایک شہری ہلاک ہوگیا۔ فائرنگ کے تازہ واقعہ میں ریاست کیلی فورنیا کے شہر سین ہوزے کو نشانہ بنایا گیا ، جہاں گیلوری گارلک فیسٹیول میں مسلح ملزمان نے  شرکا کے قہقہوں کو خوفناک چیخوں میں بدل دیا۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی میلے میں افراتفری مچ گئی ، لوگ جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے۔گولیاں لگنے سے دس سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اس قبل نیویارک کے علاقے بروکلین میں بھی ایک پلے گراؤنڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق یہاں بھی حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ امریکا میں فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں ۔ متعدد ریاستوں میں گن لاء نہ ہونے کے باعث کوئی بھی شخص آتشیں اسلحہ خرید سکتا ہے جس کی وجہ سے جرائم میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔