Friday, April 19, 2024

کیلاش قبیلے کے سالانہ مذہبی تہوار چھومس کا آغاز ہوگیا

کیلاش قبیلے کے سالانہ مذہبی تہوار چھومس کا آغاز ہوگیا
December 12, 2018
کیلاش ( 92 نیوز) کیلاش قبیلے کے سالانہ مذہبی تہوار چھومس کا آغاز ہو گیا ، کیلاش کی تینوں وادیوں  رمبور، بریر اور بمبوریت میں کیلاش قبیلے کے مردو خواتین رقص کرکے خوشی منا رہے ہیں۔ کیلاش قبیلے کے سالانہ مذہبی تہوار چھومس کو چھتر مس بھی کہاجاتا ہے۔  تہوار کے آغاز پرنوجوان پہاڑی کے چوٹی پر جاکر آگ جلاتے ہیں، اُدھر آگ کا دھواں اٹھا اِدھر نوجوان لڑکے لڑکیاں، مرد عورتیں بچے بوڑھے گیت گاتے ہوئے سب گھروں سے نکل آتے ہیں۔ وادی کے پہلے سرے سے جشن کا آغاز ہوتا ہے ،کیلاش قبیلے کے لوگ رقص کرتے ، گانا گاتے ہوئے گھر، گھر جاتے ہیں، کوئی تالیاں بجاتا ہے  تو کوئی گیت گاتا ہے،منچلے خوب رقص کرتے ہیں۔ رقص اور گیت کا یہ سماں صبح تک جاری رہتا ہے ، لڑکے ، لڑکیاں ، مرد عورتیں رقص کرتے ہیں۔ چھومس کا تہواراس ماہ کی 22 تاریخ تک جاری رہے گا۔ جشن  کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں غیر ملکی سیاح بھی وادی کیلاش آئے ہوئے ہیں۔ فرانس سے آئی باربرہ  کا کہنا ہے کہ  وہ پچھلے پانچ سالوں سےجشن دیکھنےآرہی ہیں۔ بیلجیم کی خاتون ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے۔ کیلاش قبیلے کے لوگ سال میں دو بڑے اور دو چھوٹے تہوار مناتے ہیں جس میں سردیوں کا تہوار چھومس کہلاتا ہے۔