Monday, May 13, 2024

کیفے الانتو پر چھاپہ مارنیوالا ایکسائز ٹیکسیشن آفسر عہدے سے فارغ

کیفے الانتو پر چھاپہ مارنیوالا ایکسائز ٹیکسیشن آفسر عہدے سے فارغ
September 12, 2019
لاہور ( 92 نیوز)  لاہور کے معروف کیفے الانتو  کا مکروہ دھندہ بے نقاب کرنے والا ایکسائز ٹیکسیشن آفیسر عہدے سے ہی ہاتھ دھو بیٹھا۔ مسعود بشیر وڑائچ کو شراب نوشی کا دھندہ بے نقاب کرنے پر محکمہ ایکسائز نے او ایس ڈی بنادیا۔ لاہور شہر کی مشہور شاہراہ ایم ایم عالم روڈ پر  ریسٹورنٹ کیفے آلانتو میں سر عام شراب نوشی اور شراب فروشی  پر کیفے میں چھاپا مارا گیا ،  ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر مسعود بشیر وڑائچ نے اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں شراب برآمد کر کے کیفے کو سیل کر دیا تھا۔ اس مکروہ دھندے کو بے نقاب کرنے والے ٹیکسیشن آفیسر محکمے سے شاباشی کے منتظر تھے کہ انہیں عہدے سے برخاستگی کا پروانہ موصول ہو گیا ، دوسری جانب  شراب کی بھاری مقدار برآمد ہونے کے باوجود کیفے مالکان تاحال قانون کی گرفت میں نہ آسکے۔