Monday, May 13, 2024

کیفے الآنتو میں شراب نوشی کا معاملہ، بااثر مالکوں کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی

کیفے الآنتو میں شراب نوشی کا معاملہ، بااثر مالکوں کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی
September 25, 2019
لاہور (92 نیوز) لاہور میں واقع  کیفے الآنتو میں شراب نوشی اور شراب فروشی کے معاملے پر بااثر مالکوں کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی۔ سارا نزلہ تین غریب ملازموں پر آگرا۔ ذرائع کے مطابق  کیفے الآنتو پر بااثر شخصیات کا ہاتھ ہونے کی وجہ سے مالکان کےخلاف کارروائی نہ ہو سکی۔ تین غریب ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ کیفے الآنتو میں بیٹھ کر سرعام شراب پینے والوں کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہ ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیفے الآنتو کے پاس شراب کی خرید و فروخت کا پرمٹ نہیں تھا پھر بھی پولیس نے چھاپہ مارنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ شراب کی خرید و فروخت کے معاملے پر  ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت سے پہلے ہی رات کو کیفے کو ڈی سیل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے کیفے انتظامیہ سے بیان حلفی لے کر الآنتو کیفے ڈی سیل کیا۔ کیفے انتظامیہ نے لاہورہائیکورٹ میں دائر پٹیشن واپس لے لی تھی۔ مالکان کی جانب سے ماہانہ پارٹیز بھی منعقد کی جاتی تھیں جن میں ملک کی بااثر شخصیات کو مدعو کیا جاتا تھا۔ ذرائع کے مطابق کیفے مالکان کیساتھ ایک بااثر شخصیت کے ساتھ اچھے مراسم تھے جن کا کافی زیادہ آنا جانا تھا۔ چھاپے کے وقت بھی وہ بااثر شخصیت کیفے میں موجود تھی جو چھاپے کی اطلاع پر وہاں سے چلی گئی۔ ذرائع کے مطابق کیفے الانتو کی مالکن نے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے ہوئے ای ٹی او ایکسائز کو عہدے سے ہٹوایا۔ ذرائع نے بتایا کہ ریڈ کے بعد کمشنر لاہور کو بھی دوبارہ کیفے کو ہاتھ نہ ڈالنے کے سختی سے احکامات جاری کروائے گئے۔