Monday, May 6, 2024

کیار طوفان سپر سائیکلون کی شکل اختیار کر گیا

کیار طوفان سپر سائیکلون کی شکل اختیار کر گیا
October 29, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان ’’ کیار ‘‘  سپر سائیکلون کی شکل اختیار کرچکا ہے  ، کراچی سے 730 کلومیٹر دور ہونے کے باوجود  سائیکلون ’’ کیار ‘‘ کے  اثرات نے ساحلی پٹی کو متاثر کیا ہے اور یہ اثرات  2 نومبر تک رہنے کے امکانات ہیں ۔ مشرقی بحیرہ عرب میں ایک اور ہوا کا کم دباؤ بھی بننے لگا ہے جو  اگلے 24 گھنٹے کے دوران شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہوگا ۔ کیار کے باعث سمندر کا پانی بپھر گیا اور کراچی کی ساحلی پٹی بھی متاثر ہوئی  ، طغیانی کے باعث ابراہیم حیدری، ریڑھی گوٹھ اور لٹھ بستی اور چشمہ گوٹھ میں پانی داخل ہونے سے آبادی شدید متاثر ہوئی ۔ ریڑھی گوٹھ میں ریسکیو ادارے کی جانب سے کشتیاں پہنچائی اور متاثرین میں کھانا تقسیم کیا گیا  ، آبادی میں پانی آنے کے باوجود حکومت کی جانب سے متاثرین کیلئے ریلیف اقدامات نہیں کیے گئے ، متاثرہ گھروں میں پانی جمع ہوجانے سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے  جبکہ بے سرو سامان متاثرین حکومتی امداد کے منتظر ہیں ۔ طوفان " کیار " کراچی سے 730 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں ہے  ، طوفان کے اطراف 230 سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں  جبکہ آج رات سمندر میں 10 فٹ سے زائد بلند لہریں اٹھیں گی  جس سے باعث سمندری پانی ساحل کے قریب بستیوں میں داخل ہوگا ۔