Saturday, April 20, 2024

کیا کپتان تیسری بار دلہا بن گئے ؟ ،ملک بھر میں افواہوں کا بازار گرم

کیا کپتان تیسری بار دلہا بن گئے ؟ ،ملک بھر میں  افواہوں کا بازار گرم
January 6, 2018

لاہور ( 92 نیوز ) کیا کپتان تیسری بار دلہا بن گئے ؟۔ عمران خان کی شادی کو لے کر ملک بھر میں اور خصوصاً افواہوں کا بازار گرم ہے ۔ کپتان کی شادی سوشل میڈیا  پرہاٹ ایشو بن گیا۔

چکوال میں صحافیوں نے عمران خان سے شادی کا سوال کیا تو کپتان تھوڑے شرمائے  ۔  مسکرائے اور اقرار یا انکار کیے بغیر ہی گاڑی میں بیٹھ کے چلے گئے۔

چیئرمین تحریک انصاف کی تیسری شادی کی اچانک گونج اٹھی تو اہم رہنما بھی  اپنے کپتان کے دفاع میں میدان میں آگئے ۔ عون چودھری نے شادی کی تردید کی تو ساتھ ہی اس خواہش کا اظہار کیا کہ  عمران خان کی شادی ہو اور انھیں ایسی شریک حیات ملے جو ان کی زندگی کو خوبصورت بنا ئے ۔ لیکن  سیاست سےاس کا کوئی تعلق نہ ہو۔

پی ٹی آئی ترجمان  نے افوہیں پھیلانے والوں اور تنقید کے نشتر چلانے والوں کی سوشل میڈیا پر ہی کلا س لے لی۔فواد چودھری نے ٹوئٹ کیا کہ عمران خان نے شادی کرنی ہوئی تو کر لیں گے کسی کو کیا مسئلہ ہے،نجی زندگیوں میں جھانکنا مذہب اور روایات کے منافی ہے۔

شیریں مزاری نے بھی کپتان کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے ٹوئٹ داغا کہ جن عوامی نمائندوں نے بغیر اجازت دوسری شادی کر رکھی ہے ان کی بھی بات کی جائے۔

عمران خان کی تیسری شادی کی افواہوں پر سینئر تجزیہ نگار عارف نظامی کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے شادی کی ہے تو اس کا اعلان کرنا چاہیے ۔

دوسری طرف سوشل میڈیا پر  دلچسپ تبصرے جاری ہیں ۔ کھلاڑی اپنے کپتان کی  شادی کی خبروں پر خوشی سے نہال ہیں تو مخالف جماعتوں کے حامی شادی چھپانے پر تنقید کے تیر چلا رہے ہیں  اور سوالات اٹھا رہے ہیں۔