Monday, April 22, 2024

کیا نواز شریف کے حق میں قصیدے لکھنے پر عطاءالحق قاسمی کی تقرری ہوئی ، چیف جسٹس

کیا نواز شریف کے حق میں قصیدے لکھنے پر عطاءالحق قاسمی کی تقرری ہوئی ، چیف جسٹس
July 5, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس میں دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے عطاءالحق قاسمی کے پاس ایسا کیا معیار تھا کہ ان کو تعینات کیا گیا، کیا میاں نواز شریف کے حق میں قصیدے لکھنے پر ان کی تقرری ہوئی۔ عطاء الحق قاسمی کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کس معیار پر پرویز رشید نے قاسمی کا انتخاب کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا قاسمی کا کہنا ہے کہ مجھے وزیراعظم کی تعریف میں مضامین لکھنے پر نوازا گیا ہے، انہوں نے کہا بہت ہی سنجیدگی سے اس معاملے کو نیب بھیجنے کا سوچ رہے ہیں۔ دوران سماعت پرویز رشید نے دلائل دیتے ہوئے کہا عطا الحق قاسمی کی تقرری ماضی کی روایت سے ہٹ کر نہیں ہوئی جبکہ اپوزیشن اور قائمہ کمیٹی نے بھی تقرری پر اعتراض نہیں کیا جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے ہم نے تقری کو قانون کی نظر میں دیکھنا ہے۔ پرویز رشید کے وکیل نے عدالت کو بتایا تنخواہ کی منظوری وزیر اعظم نے دی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا یہ ٹیکس کا پیسہ تھا جبکہ وزیر اطلاعات کو عطا الحق قاسمی کو اتنی بھاری تنخواہ دینے کا اختیار نہیں تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کون اس پیسے کا حساب دے گا، عطاء الحق قاسمی پیسے واپس کریں یا جنھوں نے تقرری کی۔ عدالت نے سابق وزیر خزانہ اور سیکرٹری خزانہ کو طلب کرتے ہوئے 9 جولائی تک سماعت ملتوی کر دی۔