Friday, March 29, 2024

کیا دس سالہ معاہدہ کر کے ملک سے بھاگنے کو احتساب کہتے ہیں ؟ بلاول بھٹو

کیا دس سالہ معاہدہ کر کے ملک سے بھاگنے کو احتساب کہتے ہیں ؟ بلاول بھٹو
May 30, 2016
میرپور (92نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے میرپور آزاد کشمیر کے پہاڑوں سے حکمرانوں پر خوب سنگ باری کی۔ انہوں نے کہا احتساب کے نام پر آج بھی انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب میں احتساب کی بات پر وزرا ناخن کاٹنے کی دھمکی دیتے ہیں۔ جمہوریت کو نہیں تخت رائے ونڈ کو احتساب سے خطرہ ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ ان کا ہر دور میں کڑا احتساب ہوا‘ کیا معاہدہ کر کے دس سال ملک سے بھاگنے کو احتساب کہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کاماضی میں کڑا احتساب ہوا لیکن آج کے حکمران محل سے محل تک منتقلی کو احتساب سمجھ بیٹھے ہیں۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ شیر ڈیزل پر چلتے ہیں نہ رینٹ کے جلسے سے مقبولیت ثابت ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے واضح کیا کہ مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں لیکن حکمران کشمیریوں کو بھول گئے اور مودی کی حلف برادری کی تقریب میں پہنچ گئے۔ انہیں حریت رہنماوں کے بجائے اسٹیل کے تاجروں سے ملنا پسند ہے۔ بلاول بھٹو کے جلسے کے دوران خواتین کے انکلوژر میں داخلے کی کوشش میں جیالے لڑ پڑے۔ انہوں نے ایک دوسرے پر مکوں کی بارش کی اور کرسیاں اچھال دیں۔