Friday, April 19, 2024

کہیں بارش تو کہیں برفباری،ملک بھر کو شدید سردی کی لہر نے لپیٹ میں لے لیا

کہیں بارش تو کہیں برفباری،ملک بھر کو شدید سردی کی لہر نے لپیٹ میں لے لیا
January 12, 2019
لاہور ( 92 نیوز)  لاہور سمیت ملک بھر  میں شدید سردی کی لہر نے لوگوں کو گھروں میں محصور ہونے پر مجبور کر دیا ملک بھر میں کہیں بارش ، کہیں ژالہ باری اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہر لاہور میں صبح سے ہی  بادلوں نے ڈیرے ڈالے رکھے ، وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ بھی جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ مردان مین موسم سرما کی پہلی ژالہ باری ہوئی جب کہ بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، ژالہ باری سے تمام چھوٹے بڑے لطف اندوز ہوئے ۔ وادی شوال میں شدید برفباری جاری ہے   جبکہ اس موسم میں بھی پاک فوج نے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام تیزی سے جاری رکھا ہوا ہے ۔ دوسری طرف لوگوں کو برفباری کے باعث مسائل کا بھی سامنا ہے ۔ شہر ملتان اور گردونواح میں بوندا باندی نے سردی کی شدت کو بڑھا دیا ، بارش  برسی تو  شہری بھی  لطف اندوز ہوتے رہے   دوسری جانب  محکمہ موسمیات نے ملتان اور گردو نواح میں مزید بارش کی پیشنگوئی سنائی  ہے ۔ لسبیلہ کے مختلف علاقوں  اور پہاڑوں پر بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی  پائی جاتی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ مانسہرہ اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش  کا سلسلہ جاری ہے، کاغان اور گلیات میں برفباری  کے باعث سردی  کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ راولاکوٹ میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہو گیا جبکہ لوگ گھروں میں محصور  ہو گئے ہیں  برفباری کا سلسلہ رات سے جاری ہے جس کے نتیجے میں راولاکوٹ ، ہجیرہ ،عباسپور، تراڑکھل کےپہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے ۔