Thursday, April 25, 2024

کہا جاتا ہے معیشت آئی سی یو میں ہے، جو اچھی خبر نہیں، چیف جسٹس آصف کھوسہ

کہا جاتا ہے معیشت آئی سی یو میں ہے، جو اچھی خبر نہیں، چیف جسٹس آصف کھوسہ
June 19, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ بعض ملزمان برسوں تک بغیر کسی جرم کے جیلوں میں قید رہتے ہیں۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے جوڈیشل اکیڈمی میں تقریب سے خطاب میں کہا عدالتوں میں مقدمات کو زیادہ طول نہیں دینا چاہیے۔ جیلوں میں قید افراد کے بچے بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا جرائم کے خاتمے کے لیے نظام کو بہتر کر رہے ہیں۔ مجھے ماڈل کورٹس کیلئے چیتے جج چاہیں۔ آج ہمیں مزید 57 چیتے ملے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان  بولے بدقسمتی سے کسی ادارے سے اچھی خبریں نہیں آ رہیں ، کہا جاتا ہے معیشت آئی سی یو میں ہے جو اچھی خبر نہیں ۔ کون معیشت کی خرابی کا ذمہ دار ہے یہ الگ بات ہے۔ https://www.youtube.com/watch?v=IYvX8kderP0 چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا ٹی وی لگائیں تو پارلیمان میں شور شرابہ ہوتا ہے ۔ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کسی کو بولنے نہیں دیا جاتا ۔ ورلڈ کپ دیکھیں تو وہاں سے بھی اچھی خبریں نہیں آ رہیں۔ پڑوسی ملک افغانستان میں جنگ چل رہی ہے۔ ایسے حالات میں اچھی خبر صرف عدلیہ سے آ رہی ہے۔ تقریب میں ڈی جی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی حیات علی شاہ نے کہا ماڈل کورٹس کی تجویز چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے دی۔ آصف سعید کھوسہ کی کاوش قابل تحسین ہے۔ ڈی جی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی نے مزید کہا ماڈل کورٹس کے نتائج بہت اچھے آرہے ہیں۔ اس سال کے آخر تک کوئی فوجداری مقدمہ ضلعی سطح تک نہیں رہے گا۔