Thursday, April 18, 2024

کھیوڑہ میں پہاڑی نمک کی کان سے مختلف ڈیکوریشن اشیاء کی تیاری

کھیوڑہ میں پہاڑی نمک کی کان سے مختلف ڈیکوریشن اشیاء کی تیاری
January 10, 2018

کھیوڑہ (92 نیوز) کھیوڑہ میں پہاڑی نمک کی کان سے جہاں خالص خوردنی نمک حاصل ہوتا ہے وہیں مختلف ڈیکوریشن اشیاء بھی تیار کی جاتی ہیں۔ ویلیو ایڈڈ پراڈکٹ سے کروڑوں کا زرمبادلہ بھی حاصل ہو رہا ہے۔

پاکستان میں واقع معدنی نمک کی دنیا میں دوسری سب سے بڑی کان کھیوڑہ چار مختلف ذرائع سے وطن عزیز کی خدمت کر رہی ہے۔ جہاں اس کان سے خالص خوردنی نمک حاصل ہوتا ہے وہیں لاتعداد صنعتیں بھی نمک کو بطور خام مال استعمال کر رہی ہیں۔

کھیوڑہ شہر میں ہنرمند معدنی نمک سے مختلف ویلیو ایڈڈ گھریلو ڈیکوریشن کی اشیاء تیار کرتے ہیں۔ پہاڑی نمک کے بڑے بڑے ٹکڑوں کو ڈرل سے سوراخ کرکے خرادمشین پر چڑھایا جاتا ہے جس کے بعد ڈیکوریشن کی مختلف اشیاء تیار ہو جاتی ہیں۔ نمک کے ماڈل بیرونِ ممالک بھی ایکسپورٹ کئے جاتے ہیں جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو رہا ہے۔

شہر کے دو سو پچاس ہنرمند براہ راست اس صنعت سے وابستہ میں ہیں۔ کھیوڑہ کے محنت کش یہ سب کچھ اپنی مدد آپ کے تحت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں حکومتی سرپرستی حاصل ہوجائے تو وہ کھیوڑہ کو اس صنعت کا دنیا میں مرکز بنا سکتے ہیں۔

کھیوڑہ سے تین سو ساٹھ ڈالر فی ٹن کے ریٹ پر نمک برآمد بھی کیا جاتا ہے جبکہ دنیا کی دوسری بڑی نمک کی کان سیاحوں کی توجہ کا بھی مرکز بنی ہوئی ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں سیاح ہر سال یہاں کا رخ کرتے ہیں جس سے کروڑوں روپے آمدن حاصل ہوتی ہے۔

نمک کی کان میں الرجی اور دمے کا اسپتال بھی قائم ہے جہاں دمے اور الرجی کے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ لوگ دور دراز سے اس اسپتال میں علاج کیلئے آتے ہیں۔