Friday, April 26, 2024

کھیلوں سے وابستہ قومی ہیروز کی جشنِ آزادی کی مبارکباد، ملکی خوشحالی کیلئے دُعائیں

کھیلوں سے وابستہ قومی ہیروز کی جشنِ آزادی کی مبارکباد، ملکی خوشحالی کیلئے دُعائیں
August 14, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پوری قوم کی طرح مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑی بھی اپنے اپنے انداز میں جشن آزادی منا رہے ہیں۔ قومی ہیروز نے جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے خوشحال اور مستحکم پاکستان کیلئے دعائیں کیں۔

جشنِ آزادی پرپی سی بی کے ہیڈ آفس قذافی اسٹیڈیم میں پرچم کشائی کی باوقار تقریب منعقد ہوئی، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پرچم کشائی کی۔

کراچی میں قومی انڈر 19 ٹیم کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا۔

بوم بوم شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پاکستان کیلئے ان کی محبت کی کوئی حد ہی نہیں، امن اور خوشحالی سے عبارت ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث فخر ہے۔

شاہد آفریدی نے بچوں کیساتھ اپنے گھر پر جھنڈیاں لگانے کی ویڈیو بھی شئیر کی۔ حسن علی نے قومی پرچم کیساتھ اپنی تصویر شئیر کی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے قوم سے درخت لگانے کی اپیل کی۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے لکھا پاکستان کا یونیفارم پہننا انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ محمد حفیظ، سابق کپتان محمد یوسف، کامران اکمل، عمر اکمل، جنید خان، احسان عادل، ثناء میر، قومی باکسر محمد وسیم فالکن، بیڈمنٹن اسٹار پلوشہ بشیر نے بھی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

کےٹو سرکرنیوالے کم عمرترین پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنی ویڈیو شئیر کی جس میں وہ کے ٹو پر اذان دے رہے ہیں۔