Sunday, April 28, 2024

کھیلوں سے انسان لڑنا سیکھتا ہے، ہار سے دلبرداشتہ ہی ہارتے ہیں، عمران خان

کھیلوں سے انسان لڑنا سیکھتا ہے، ہار سے دلبرداشتہ ہی ہارتے ہیں، عمران خان
December 6, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ کھیلوں سے انسان لڑنا سیکھتا ہے، ہار سے دلبرداشتہ ہونے والے ہی ہارتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کامیاب پروگرام اسپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت کی پوری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور کھیل کے مواقع ملیں۔ عثمان ڈار کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ اسپورٹس نوجوانوں کے لئے ضروری ہے، میں نے 21 سال دنیا کے کھیلوں کے میدان میں گزارے ہیں، گراؤنڈ میں مقابلہ کرنا سیکھا ہو تو جیتنا بھی آتا ہے اور ہا ر کی سمجھ بھی آتی ہے۔

اس موقع پر عثمان ڈار نے تقریب سے خطاب میں کہا نوجوانوں کا شکر گزارہوں، نوجوانوں نے جمع ہو کر سارے ریکارڈ توڑ دیئے، ان کا جذبہ کبھی فراموش نہیں کرونگا، نوجوانوں کو گلی سے گراؤنڈ تک لے کر جاؤنگا۔

اُنہوں نے کہا کہ کراچی سے لیکر وزیر ستان، خنجراب سے چمن تک نوجوان کاروبار کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے اسکالر شپ کے لئے 10 ار ب روپے رکھے ہیں۔

فہمیدہ مرزا نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا اسپورٹس میں بھی مافیاز کو ختم کردینگے، عمران خان کے وژن کے مطابق اسپورٹس پالیسی بنائی ہے، ہر ضلع میں کھیل کا میدان بنائینگے۔

کامیاب پروگرام اسپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔