Tuesday, April 23, 2024

کھیل سیاست سے ماورا ہوتے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر

کھیل سیاست سے ماورا ہوتے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر
March 15, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے پیارے پاکستانی فائنل میں ملٹری کیپس اور شرٹس پہننا چاہتے ہیں۔ مسلح افواج ان کی محبت اور حمایت کو سراہتی ہیں۔ کھیل سیاست سے ماورا ہوتے ہیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ون ڈے میں فوجی اسٹائل کیپس پہنیں جس کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر مہم چل پڑی۔ روشنیوں کے شہرمیں  پی ایس ایل کا فائنل سترہ مارچ کو کھیلا جائے گا۔ صارفین سوشل میڈیا پر مسلح افواج سے اظہار یک جہتی کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جو بھی میچ دیکھنے جائے وہ ملٹری کیپس اور شرٹس پہنے۔ ایک صارف نے لکھا کہ پاکستانی بھائیوں کے پاس یہ اچھا موقع ہے جسے ضائع نہ کریں۔ دوسرے صارف نے کہا آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھارتی کھلاڑیوں نے ملٹری کیپس پہنیں۔ اس لیے اب تمام شائقین آرمی کی ٹوپیاں پہن کر اسٹیڈیم پہنچیں۔ ایک صارف کے مطابق ملٹری کی ٹوپیاں پہن کر بھارت کو جواب دینا چاہتے ہیں کہ وہ صاف دل کے مالک ہیں۔ ایک صارف لکھتا ہے کہ ملٹری کیپس پہننے سے بھارت اور آئی سی سی کو کرارا جواب ملے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کی خواہش کا جواب مدبرانہ انداز میں دیا۔ ٹویٹ میں کہا پیارے پاکستانیو!! آپ کی خواہش ہے فائنل فوج کی شرٹس اور ملٹری کیپس پہن کر دیکھیں۔ مسلح افواج آپ کی محبت اور حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، یقین ہے کہ ہمارا تعلق صرف اس اظہار تک محدود نہیں ہے، کھیل سیاست سے ماورا ہوتے ہیں، عوام روشنیوں کے شہر میں میچ سے لطف اندوز ہوں، پاک فوج عوام کی محبت اور سپورٹ کو سراہتی ہے۔