Friday, May 3, 2024

کھٹمنڈو میں اسکولوں کے ہزاروں بچوں کا بھارت کیخلاف مظاہرہ، سرحدی بندش ختم کرو، بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے کے نعرے

کھٹمنڈو میں اسکولوں کے ہزاروں بچوں کا بھارت کیخلاف مظاہرہ، سرحدی بندش ختم کرو، بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے کے نعرے
November 28, 2015
کھٹمنڈو (ویب ڈیسک) نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں اسکولوں کے ہزاروں بچوں نے رنگ روڈ پر انسانی زنجیر بنا کر بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا اور سرحدی بندش ختم کرنے کے نعرے لگائے۔ کھٹمنڈو میں اسکولوں کے ہزاروں بچے رنگ روڈ پر بھارتی اقدام کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے۔ بھارت نے نیپال کے ساتھ سرحد کو دو ماہ سے بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے نیپالی عوام کو خوراک اور ادویات کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نیپال میں ساٹھ فیصد ادویات کی سپلائی بھارت سے آتی ہے۔ اس کے علاوہ تیل، خوراک اور دیگر کئی اشیا بھی بھارت ہی سے نیپال آتی ہیں۔ نیپال میں تیل کی کمی کے باعث اسکول کے اوقات میں کمی کر دی گئی ہے۔ کھٹمنڈو میں ہونے والے بھارت مخالف مظاہرے میں بچوں نے سرحدی بندش ختم کرو، تعلیم ہمارا حق ہے، بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے کے نعرے لگائے۔ بچوں نے مطالبہ کیا کہ سرحدی بندش فوری ختم کی جائے۔